” تعلیم سب کیلئے پروگرام“خیبرپختونخوا میںپاک فوج کے 9 پائلٹ پراجیکٹس پر کام شروع

راولپنڈی (بیورورپورٹ)پا ک فوج نے خیبرپختونخوا میں تعلیم سب کےلئے پروگرام کے تحت 9 پائلٹ پراجیکٹس پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا، مقصد نوجوانوں کو علم کے زیور سے آراستہ کر کے ملکی ترقی و خوشحالی میں حصہ دار بنانا ہے۔

پروگرام کے تحت مہمند، تیراہ، حسن خیل، درہ آدم خیل، کرم، جانی خیل، ٹانک، سراروغہ اور انگور اڈہ میں 9 پائلٹ پراجیکٹس پر کام شروع کیا گیا، 15 اکتوبر2023 کو شروع ہونے والے پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں فروغ تعلیم کیلئے مختلف امور پر کام کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اب تک 4 ہزار سے زائد بچے اور بچیاں مستفید ہو چکے ،4مختلف سنٹرز میں 500 سے زائد بچیاں ڈیجیٹل سکلز کے کورسز بھی کر رہی ہیں، پروگرام کے تحت 24 غیر فعال سکولوں کو بھی فعال کیا گیا ،250 ایڈلٹس کو مختلف کورسز میں تربیت دی جا رہی ہے،کمپوزٹ یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر نصابی عمل سے مرحلہ وار تربیت دی جا چکی ، علم کے حصول کے عمل کو ہر بچے تک پہنچانے کیلئے پاک فوج تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی۔