سوئی ناردرن نے صارفین پر اربوں روپے کا ٹیکس نافذ کردیا

لاہور (مشرق نیوز) سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے صارفین پر اربوں روپے کا ایک اور ٹیکس نافذ کردیا گیا۔ گیس کے بلوں میں ماہانہ فکسڈ چارجز نومبر کے بلوں میں شامل کردئیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کمپنیوں نے اپنے لاسز پورے کرنے کیلئے اوگرا کیساتھ ملکر آسان راستہ تلاش کیا اور صارفین پر اربوں روپے کا ماہانہ فکسڈ چارجز کے نام پر ایک اور ٹیکس لاگو کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے خاموشی سے فکسڈ چارجز وصولی کی اجازت دیدی ہے۔ حکام کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین 0.9 ہیکٹا میٹر گیس استعمال والے ماہانہ 400 روپے فکسڈ چارجز دیں گے۔ نان پروٹیکٹڈ 1.5 ہیکٹا میٹرتک گیس استعمال والے 1000 روپے ماہانہ اضافی بل دیں گے۔ اس سے زائد استعمال والے صارفین ماہانہ 2 ہزار روپے اضافی فکسڈ رقم ادا کریں گے۔

سوئی گیس حکام کے مطابق جس صارف کا استعمال صفر ہو گا وہ بھی 400 روپے ادا کرنے کا پابند ہو گا۔ یہ ماہانہ فکسڈ چارجز حکومت کی منظوری سے شامل کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہانہ فکسڈ اضافی چارجز کو صارفین صرف ہائیکورٹ میں چیلنج کر سکتے ہیں۔ ماہانہ فکسڈ ٹیکس گیس کمپنی کے 80 لاکھ کنزیومر پر لاگو ہو گا۔ ایک اندازے کے مطابق فکسڈ ٹیکس سالانہ 60 سے 70 ارب روپے بنتے ہیں۔