غزہ میں امدادکے حوالے سے اسرائیل کے اقدامات ناکافی ہیں: اقوام متحدہ

تیونس (مشرق نیوز) مشرق وسطی کیلئے اقوام متحدہ کے ایلچی ٹور وینس لینڈ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی میں مزید انسانی امداد کی اجازت دینے کیلئے کیے گئے حالیہ ”محدود اقدامات“مثبت ہیں لیکن جنگ زدہ فلسطینیوں کی ضروریات کیلئے ناکافی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وینس لینڈ نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ "غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی فراہمی کو اب بھی ایسے چیلنجز کا سامنا ہے جو اکثر ناقابل تسخیر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے محدود اقدامات، خاص طور پر زیادہ ایندھن، خوراک، اور کھانا پکانے والی گیس کے داخلے کی اجازت دینا، انسانی امداد کے داخلے کیلئے کارم ابو سالم کراسنگ کو کھولنا، مثبت ہیں، لیکن یہ سب ناکافی اقدامات ہیں۔وینس لینڈ نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو پہنچنے والی مشکلات اور مصیبتیں ناقابل تصور ہیں۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان لڑائی میں خواتین اور بچوں کی ہلاکت کی مذمت کی۔انہوں نے نشاندہی کی کہ غزہ کے موجودہ حالات کسی بھی انسانی امدادی کارروائیوں کو ناممکن بنا رہے ہیں۔