ٹریفک پولیس میں میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق افسران کو ترقی دی جائیگی:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وارڈنز سے سینئر وارڈنز کے عہدے پر ترقی پانے والے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب سجائی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک پولیس کا یونیفارم زیب تن کرکے شرکت کی۔ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر افسران نے سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدے پر ترقی پانے والے 50 افسران کو رینک لگائے، تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت مختلف اضلاع میں 312 وارڈنز کو سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدے پر پروموٹ کیا گیا جن میں لاہور کے 100، راولپنڈی 81، فیصل آباد 68، ملتان 41 اور گوجرانوالہ میں 22 وارڈنز کو سینئر ٹریفک وارڈنز شامل ہیں۔ دریں اثناءایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، ایدھی فاو¿نڈیشن کے عہدیداران فیصل جلال اور منصور بھی انکے ہمراہ تھے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر محمد ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل بھی ملاقات میں موجود تھے۔ دوران ملاقات گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچوں کی تلاش کیلئے پنجاب پولیس کی ”میرا پیارا ایپ“ کو ایدھی فاونڈیشن کے سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب سے ڈاکٹر عثمان انور سے ریونڈر ڈاکٹر خالد ایم ناز کی قیادت میں مسیحی برادری کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ چیئرمین پیس مشن انٹرنیشنل چرچ ڈاکٹر خالد ایم ناز کی قیادت میں آئے مسیحی وفد میں پیٹر نیامت، انسپکٹر شاہد مسیح، نعیم اور امن شامل تھے۔ آر پی او ملتان کیپٹن (ر) سہیل چوہدری بھی ملاقات میں موجود تھے۔دوران ملاقات کرسمس کی آمد اور حضرت عیسٰی علیہ اسلام کی یوم ولادت کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پولیس ٹیموں کا صوبہ بھر میں زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے جس کے تسلسل میں رواں برس صوبہ بھر میں زیادہ دھواں اڑانے والی گاڑیوں کے 4 لاکھ 95 ہزار 792 چالان کئے گئے،لاہور سمیت صوبہ بھر میں ایک لاکھ 8 ہزار 98 گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیاجبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر 7127 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کینسل کئے گئے۔ یہ تمام گاڑیاں زیادہ دھواں چھوڑنے کی وجہ سے سموگ میں اضافے کی وجہ بن رہی تھیں۔