پی ٹی آئی سے اتحاد نہ کیاجائے، انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے،زرداری

پشاور (بیورورپورٹ) سابق صدر آصف زرداری نے پارٹی رہنماوں کوانتخابات میں پی ٹی آ ئی سے اتحاد نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

آصف زرداری کی گورنر ہاوس پشاور میں گورنر غلام علی و پارٹی رہنماوں سے ملاقات ہوئی، انتخابات کےلئے ٹکٹوں کی تقسیم سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کی اندورنی کہانی کے مطابق سابق صدر نے پارٹی رہنماوں کو پی ٹی آئی سے انتخابات میں اتحاد نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا دیگرجماعتوں سے اتحاد کا فیصلہ صوبائی قیادت کرے گی۔

دریں اثنا اپنے دورہ پشاور کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنے فیصلوں میں اٹل ہوتے ہیں، فیصلے پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہاکارکن عام انتخابات کی تیاری کریں، پیپلز پارٹی اکثریت حاصل کرے گی، گورنر کی دعوت پر پشاور آیا ہوں،قبل ازیں پشاور پہنچنے پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے سابق صدر آصف زرداری کو گلدستہ پیش کیا۔