لاہور (حافظ کاشف سندھو سے )فیروز پور روڈ سمیت شہر میں بدترین ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ،شہر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ ہوسکا ، شہری ٹریفک سہولیات سے محروم اور بے چالانوں کی وجہ سے دہری ازیت میں مبتلا زندگی بسر کرنے لگے ،شہر میں ٹریفک کے مسائل میں بدتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ فیروز پور روڈ سمیت شہرکے تجارتی و کاروباری مراکز کے قریب سڑکوں پر ٹریفک جام معمول بن گیا، شہریوں سمیت مسافر گاڑیوں کوآمد ورفت میں مشکلات کا سامنا ،سماجی حلقوں کا اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے خاتمے کیلئے سابقہ سی ٹی او کی جانب سے کئے جانیوالے اعلانات کے باوجود ٹریفک مسائل ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرائے جانے اور ساری توجہ بیجا چالان ،بہ لب سڑک گپیں ہانکنے ،نوعمر بچوں پر ایف آئی آر دینے پر ہے ۔ سیاسی اثر و سوخ پر غیر قانونی پارکنگ ایریاز اور شہر میں تجاوزات کی بھرمار کے باعث ٹریفک قوانین کی دھجیاں بکھرنا عام سی بات ہو گئی ہے، شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کو کنٹرول کرنے کیلئے سابقہ سی ٹی او کی جانب سے بلند و بانگ دعوﺅں کے باوجود کسی قسم کی بہتری نہ آسکی شاہ عالمی ،موچی ،مینار پاکستان، ،یتم خانہ،بند روڈ ،فیروز پورروڈ سمیت داتا دربار کے قریب اور شہر کے مصروف ترین کاروباری و تجارتی سرکلر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں ٹریفک جام رہنا روزانہ کا معمول ہے جس کی وجہ سے مسافر گاڑیوں ، شہریوں سمیت پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات اٹھانی پڑتی ہیں ، ٹریفک جام کے بڑھتے ہوئے مسائل نئی تعینات ہونے والی سی ٹی او عمارہ اطہر کیلئے بھی کھلا چیلنج ہیں۔ سماجی حلقوں و شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ، سمیت نئی تعینات ہونیوالی سی ٹی او ایس ایس پی عمارہ اطہر و دیگر بالا حکام سے نوٹس لیکر شہر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے سمیت ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والے غیر قانونی پارکنگ ایریاز اور تجاوزات ختم کر کے ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
ٹریفک کے بڑھتے مسائل، تجاوزات ،غیرقانونی پارکنگ ایریاز ،نئی سی ٹی او لاہور کیلئے کھلا چیلنج



















