راولپنڈی (مشرق نیوز) آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 27 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کے حملے میں23 جوان بھی جام شہادت نوش کرگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں 11اور 12 دسمبر کی درمیانی رات دہشت گردوں کی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں جس پر ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس دوران کل 27 دہشت گرد ہلاک کئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلاچی میں ایک اور آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کئے گئے جبکہ چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کےخلاف دہشت گردی کی کئی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 دہشت گردوں نے دربان کے علاقے میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، دہشت گردوں نے بارودسے بھری گاڑی چیک پوسٹ سےٹ کرادی، حملے کے بعد خودکش حملہ آور نے بھی خودکو اڑادیا، دھماکوں میں عمارت گرنے سے 23سکیورٹی اہلکارشہید ہوگئے۔ علاقے میں موجود دہشت گرد خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشنز جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
ڈی آئی خان :سکیورٹی فورسزکی مختلف کارروائیاں، 23 جوان شہید،27 دہشت گردہلاک



















