وائرلیس آپریٹرز پولیس کی اہم اکائی، روزمرہ ورکنگ میں کلیدی کردار ہے :آئی جی پنجاب
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹیلی ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونی کیشن ونگ کے ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد کی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹیلی کمیونی کیشن کے ترقی پانے والے 60 سے زائد افسران و اہلکاروں کو نئے عہدوں کے رینک لگائے۔ ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو تقریب میں خصوصی طور پرمدعو کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ 06 دسمبر کو ٹیلی کمیونی کیشن پروموشن بورڈ میں مجموعی طور پر 612 افسران و اہلکاروں کو محکمانہ ترقی دی گئی جن میں 566 وائرلیس آپریٹرز، 36 ٹیلی فون آپریٹرز، 9 مکینک اور 1 ڈاک رنرشامل ہیں۔ دریں اثناء ڈاکٹر عثمان انور سے بے گھر بچوں کے تحفظ کیلئے سرگرم نجی فلاحی ادارے (ہولسٹک فوسٹر کئیر) کے عہدیداران نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ نجی ادارے (ہولسٹک فوسٹر کئیر) کے ڈائریکٹر ابتسام الرحمان، چیف آپریشنز آفیسر حرا جاوید کے علاوہ سماجی کارکن ذوفشاں انوشے وفد میں شامل تھے۔ دوران ملاقات شاہرات پر رہنے والے بے گھر، یتیم اور لاوارث بچوں کی سرپرستی کیلئے تحفظ منزل کے قیام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ٹریفک پولیس پنجاب شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے باآسانی اجرا کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے ایک دن میں شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس فراہمی کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ شہری کسی بھی پولیس دفتر، خدمت مرکز یا پولیس خدمت وین سے اپنا ڈرائیونگ لائسنس باآسانی حاصل کر سکتے ہیں، شہریوں کی سہولت کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔



















