اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں میں مزید فلسطینی شہید، 2 میجر سمیت 10 صہیونی فوجی جہنم واصل

غزہ، دوحہ (مشرق نیوز) اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں میں مزید فلسطینی شہید، حماس کے راکٹ حملے، 2 میجر سمیت 10 صہیونی فوجی جہنم واصل، 24 ٹینک تباہ، نیتن یاہو نے جنگ کے بعد غزہ کی سکیورٹی سنبھالنے کا اعلان کردیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق دیرالبلاح، خان یونس، نصیرات اور بریج کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے ایک روز میں مزید 110 فلسطینی شہید ہوگئے۔ عارضی جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے شہید فلسطینیوں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے دیرالبلاح کے رہائشی علاقے میں 3 خاندانوں کے گھروں کو نشانہ بنایا،غزہ کے 35 میں سے 26 ہسپتال مکمل طور پر بند ہوگئے، اسرائیلی ٹینکوں نے ایمبولنسوں پر بھی حملے کیے ،ایک بار پھر فاسفورس بموں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

ادھر اسرائیلی آرمی چیف نے دعویٰ کیا خان یونس شہر کو مکمل گھیرے میں لے لیا۔ جنوبی غزہ میں اسرائیلی فورسز کے حملے شمالی غزہ کو محفوظ بنانے کےلئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جبالیہ کیمپ کا محاصرہ کرلیا اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو بھی 24 گھنٹوں میں جنوبی غزہ کا گودام چھوڑنے کا الٹی میٹم دےدیا۔ اسرائیلی بمباری سے اقوام متحدہ کے مزید 19 اہلکار مارے گئے۔

دریں اثنا اسرائیلی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے حماس کے القسام بریگیڈ نے خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں، ٹینکوں پر راکٹ برسا دئیے۔ 2 میجر سمیت 10 اسرائیلی فوجی ہلاک، 24 ٹینکوں کو تباہ کردیا گیا، سنائپرز کی فائرنگ سے 8 اسرائیلی زخمی بھی ہوئے۔ خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں کے زیرقبضہ عمارت کو بارودی مواد سے تباہ کردیا گیا۔ تل ابیب، عسقلان میں بھی راکٹ حملے کئے گئے۔

دریں اثنا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جنگ کے بعد غزہ کی سکیورٹی سنبھالنے کا اعلان کردیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا حماس کے ساتھ جنگ ختم ہونے کے بعد اسرائیلی فوج ہی غزہ کی سکیورٹی کا کنٹرول جاری رکھے گی،نیتن یاہو نے کسی غیر ملکی فورس کو ذمہ داری سونپنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا جنگ کے بعد غزہ کاکنٹرول کسی بین الاقوامی فورس کو نہیں دیں گے، تنازع ختم ہونے کے بعد فوج کے بغیر ملک بنانا چاہئے۔ غزہ کو عسکریت سے پاک کرنے کےلئے صرف ایک ہی فوج کارروائی دیکھ سکتی ہے اور وہ اسرائیلی فوج ہے۔

دوسری جانب ٹرک صدر رجب طیب اردگان نے اسرائیل کے غزہ میں بفرزون کے قیام کا منصوبہ مسترد کرتے ہوئے کہا غزہ کیلئے اسرائیلی بفر زون منصوبے پر بحث کرنا بھی فلسطینیوں کی بے عزتی ہے۔

قطر سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا اسرائیل نے ترکیہ میں حماس کے اراکین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ اسرائیل کو مقبوضہ علاقے واپس کرنا ہوں گے، حماس اپنی سر زمین کے تحفظ کیلئے لڑنے والا مزاحمتی گروپ ہے، غزہ کے مستقبل کا فیصلہ فلسطینی ہی کریں گے۔ ترک صدر نے مزید کہا مغربی ممالک کی اسرائیل کی حمایت خطے کی موجودہ صورتحال کا سبب بنی، سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی توثیق پارلیمنٹ میں جمع کر کے اپنا کردار ادا کر دیا، اب ترکیہ کو ایف 16 طیاروں کی فروخت پر امریکی کانگریس سے بیک وقت اقدامات کی توقع ہے۔