لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سینئر ٹریفک وارڈن کے عہدے پر ترقی پانے والے ٹریفک افسران کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد کی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سینئر پولیس افسران نے ترقی پانے والے 50 سے زائد ٹریفک وارڈنز کو نئے عہدے کے پروموشن رینکس لگائے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے پروموٹ ہونے والے ٹریفک وارڈنز کو دلی مبارک باد دیتے ہوئے مزید تندہی سے فرائض کی ادائیگی کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ مربوط ٹریفک سسٹم، قوانین پر بہتر عملدر آمد ریاست کے نظام اور مہذب قوم کے مزاج کی عکاسی کرتا ہے، آئی جی پنجاب نے وارڈنز سے خطاب میں کہا کہ ٹریفک وارڈنز میرے دل کے بہت قریب ہیں،انکے ساتھ محبت و شفقت کا دیرینہ رشتہ ہے، ڈاکٹر عثمان انورنے کہا کہ ویلفیئر اینڈ پروموشن کے حوالے سے ٹریفک پولیس میری اوّلین ترجیح ہے،ٹریفک وارڈنز کی پروفیشنل گروتھ کیلئے ڈی ایس پی رینک پر ترقی کی25، ایس پی رینک کی 10 سیٹیں مختص کی گئی ہیں۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب کی جانب سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں ڈاکٹر عثمان انور نے مزید10 ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئراورمیڈیکل اخراجات کیلئے 12 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کر دئیے ہیں،تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے اے ایس آئی راجہ شاہد محمود کو اہلیہ کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے گئے، کانسٹیبل محمد سعید کو اہلیہ کے جگر کے علاج کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے دئیے گئے، سب انسپکٹر انور کو اوپن ہارٹ سرجری کیلئے 2 لاکھ روپے دئیے گئے، فیصل آباد کے کانسٹیبل ساجد محمود الحسن کو عارضہ قلب کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپے جاری کئے گئے، ٹیلی ٹرانسپورٹ پنجاب کانسٹیبل سرور احمد کو ٹانگ کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے گئے،انسپکٹر امانت علی، ہیڈ کانسٹیبل قیوم علی، کانسٹیبل برکت اسلم کو علاج معالجے کیلئے 70 ہزار روپے فی کس جاری، ہیڈ کانسٹیبل محمد طاہر کو گردوں اور کانسٹیبل فاروق انور کو بیٹی کے علاج کیلئے 50 ہزار روپے فی کس دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس بالخصوص کانسٹیبلان کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی عارضہ صحت سے دوچار پولیس ملازم یا اسکے اہلخانہ کو بیماری کے خلاف جنگ میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر سے متعلقہ کیسز کے دستاویزات مکمل کرکے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں تاکہ ان پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ملازمین کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔
ٹریفک وارڈنز دل کے بہت قریب، محبت و شفقت کا دیرینہ رشتہ ہے :آئی جی پنجاب



















