اسلام آباد(بیورورپورٹ)عدالت عظمیٰ نے مردم شماری کیخلاف اپیل پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان سے جواب طلب کر لیا،جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے بلوچستان میں مردم شماری کےخلاف درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے درخواست گزار نے مشترکہ مفادات کونسل میں نگران وزرائے اعلیٰ کی شمولیت پر اعتراض کیا ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے کہامشترکہ مفادات کونسل پرسپریم کورٹ کے فیصلے واضح ہیں، مردم شماری پر کسی متعلقہ شخص نے اعتراض نہیں کیا،جسٹس اعجاز الاحسن نے وکیل کامران مرتضی کو مخا طب کرتے ہوئے کہا حل اب یہ ہوسکتا ہے آئندہ آپ لوگ اس وزیر اعلیٰ کو دوبارہ ووٹ نہ دیں ،کامران مرتضی نے کہا بلوچستان میں جس طریقے سے وزرا منتخب ہوتے ہیں وہ الگ بحث ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا8 فروری کو انتخابات کیس میں بھی مشترکہ مفادات کونسل کا ذکر ہے جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا فروری کو عام انتخابات کیس کا فیصلہ بھی آئندہ سماعت پر دیکھ لیں گے،سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
دریں اثنا سپریم کورٹ نے حق مہر پر بڑا فیصلہ سناتے ہوئے کہا خاتون جب بھی تقاضا کرے شوہر حق مہر کی ادائیگی کا پابند ہو گا،3صفحات پر مشتمل فیصلہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا،سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا حق مہر شرعی تقاضا ،تحفظ ملکی قوانین میں بھی موجود ہے، حق مہر کی ادائیگی کا وقت نکاح نامہ میں مقرر نہ ہو تو بیوی کسی بھی وقت تقاضا کرسکتی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا موجودہ کیس میں بیوی کو حق مہر کے حصول کیلئے مقدمہ دائر کرنا پڑا جو 6 سال بعد سپریم کورٹ پہنچا، عدالتوں نے غیر ضروری اپیلیں دائر کرنے پر شوہر کو جرمانہ عائد نہیں کیا، غیر ضروری اپیلوں پر جرمانہ کیا ہوتا تو نوبت یہاں تک نہ پہنچتی، غیرضروری اپیلیں دائر کرنے سے عدالتی نظام مفلوج ہوتا جارہا ہے،بلاوجہ کی مقدمہ بازی ختم کرنے کیلئے عدالتوں کو جرمانہ کرنے سے ہچکچانا نہیں چاہیے،عدالت عظمیٰ نے خالد پرویز کی اہلیہ ثمینہ کو حق مہر کی ادائیگی کے حکم کیخلاف اپیل خارج کرتے ہوئے بیوی کو حق مہر میں تاخیر پر خاوند پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ۔
،علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے ایک اور کیس میں قراردیا ضابطہ فوجداری قانون کے تحت اگر ٹرائل 2 سال تک مکمل نہ ہو تو ملزم ضمانت کا حق دار ہے،جسٹس اطہر من اللہ کی جانب سے صادر کیے گئے فیصلے کے مطابق ضابطہ فوجداری قانون میں ٹرائل میں تاخیر کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے جن قانونی وجوہات کی بنیاد پر ضمانت کی درخواست خارج ہو، انہی وجوہات کو بنیاد بنا کر دوبارہ ضمانت نہیں دی جاسکتی ،اگر کسی گراو¿نڈ پر عدالت میں دی گئی ضمانت کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی جائے اسی گراو¿نڈ پر دوبارہ ضمانت کی درخواست نہیں دی جاسکتی،سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہاٹرائل میں تاخیر کی بنیاد پر ضمانت دی جاسکتی ہے،بعد ازاں عدالت نے قتل کیس میں گرفتار ملزم عثمان کی 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت درخواست منظور کرلی۔
غیرضروری اپیلوں سے عدالتی نظام مفلوج ہورہا ہے:سپریم کورٹ



















