افغانیوں کی جانب سے 14 خودکش بم دھماکے؟ وزیر داخلہ اور حکام کا تفصیلات بتانے سے انکار

لاہور (مشرق نیوز) نگران حکومتی اہلکار اپنے بار بار کئے جانے والے اس دعوے کی تائید کیلئے کسی بھی قسم کی معلومات ظاہر کرنے سے انکاری ہیں کہ رواں برس پاکستان میں ہونیوالے 24 میں سے 14 خودکش دھماکوں میں افغان شہری ملوث تھے۔ 3 اکتوبر کو نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ایک ٹیلیویژن پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ جنوری سے اکتوبر تک پاکستان میں 24 خودکش دھماکے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوری سے لیکر ابھی تک ہم پر 24 خودکش حملے ہوئی ہیں، ان 24میں سے 14 خودکش حملہ پور افغان شہری ہیں، افغانی لوگ تھے جنہوں نے ہم پر حملہ کیا ہے۔ اس میں پشاور مسجد کا بڑا واقعہ ہوا تھا۔ پولیس لائنز کا، وہ افغانی نے کیا، پھر اس کے بعد قلعہ سیف اللہ میں جو واقعہ ہوا مسلم باغ میں، اس میں سے 6 میں سے5 لوگ جو تھے وہ افغانی تھے'۔

سرفراز بگٹی نے مزید دعویٰ کیا کہ حکومت کے پاس تمام شواہد بھی موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ وہ جس طریقے سے حملے کیے جاتے، سب کے ایوی ڈینسسز ہمارے پاس موجود ہیں۔ وزیر داخلہ نے بین الاقوامی اور پاکستانی خبر رساں اداروں کو کئی انٹرویوز میں اس دعویٰ کو دہرایا ہے۔