عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو 17.4 ارب مل گئے

اسلام آباد، کراچی، لاہور (بیورو رپورٹ+ کورٹ رپورٹر) عام انتخابات کےلئے الیکشن کمیشن کو مزید 17.4 ارب مل گئے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن کو 17 ارب 40 کروڑروپے جاری کردئیے گئے۔

قبل ازیں 10 ارب جاری کئے گئے تھے اور اب مجموعی طور پر الیکشن کمیشن کو 27 ارب 40 کروڑ جاری کئے جاچکے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا الیکشن کمیشن کو ضروریات کے مطابق فنڈز جاری کئے جائیں گے۔ یاد رہے مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کیلئے مجموعی طور پر 42 ارب مختص کئے گئے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سندھ میں بڑے پیمانے پر تقرروتبادلوں کی منظوری دےدی۔ الیکشن کمیشن نے ڈپٹی سیکرٹری سروسز حکومت سندھ کو خط لکھا اور صوبے میں تعینات 15 افسروں کے تبادلوں کی اجازت دی جبکہ الیکشن کمیشن نے 2افسروں کی تعیناتی درخواستیں مسترد کردیں۔

ادھر لاہور ہائیکورٹ نے امریکی سفیر سے چیف الیکشن کمشنر اور آئی جی پنجاب کی ملاقات کےخلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض بحال رکھتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔ جسٹس شجاعت علی خان نے شہری کامران کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض بحال رکھتے ہوئے مسترد کردیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا صدر، وزیراعظم کو براہ راست فریق نہیں بنایا جا سکتا ۔