پاک امارات تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے،محسن نقوی

ابوظہبی (مشرق نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے پاکستان ،امارات میں تاریخی معاہدوں سے معیشت مضبوط ہوگی ،باہمی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔

متحدہ عرب امارات سے اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا پاکستان ،یو اے ای کے درمیان معاہدوں سے معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوا، سمجھوتوں پر عملدرآمد کے جلد مثبت اثرات سامنے آئیں گے،پاکستانی وفد کو متحدہ عرب امارات میں خصوصی پذیرائی ملی، معاہدوں میں آرمی چیف کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔

محسن نقوی نے کہا سرمایہ کاری کے معاہدوں سے باہمی تعلقات کو نئی جہت ملے گی، متحدہ عرب امارات توانائی، پورٹ آپریشنز پراجیکٹس،ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سکیورٹی، بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرےگا،پاک امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ،دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان ،عرب امارات کے درمیان دوستی اورمحبت کے رشتے ازل سے ہیں اور ابد تک رہیں گے۔