ریاستی عہدیداروں کے روئیے نے عدالتوں پر عوامی اعتماد متزلزل کر دیا، ہائیکورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)ریاستی عہدیداروں کے سست روئیے نے اعلیٰ عدالتوں پر عوامی اعتماد متزلزل کر دیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلوچ طلبہ جبری گمشدگی کیس میںکمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونے پرنگراں وزیر اعظم، وزیر داخلہ، دفاع اور انسانی حقوق کو طلب کر لیا،جسٹس محسن اختر کیانی نے 5 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا،سیکرٹری داخلہ ،دفاع کو بھی 29 نومبر کو 11 بجے طلب کرلیا گیا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیابلوچستان سے تعلق رکھنے والے نگراں وزیر اعظم ،وزیر داخلہ نے مسئلے پر کوئی مثبت اقدام نہیں کیا، نگراں وزیر اعظم، نگراں وزرا اور سیکرٹریز پیش ہو کر بتائیں معاملے کو اہمیت کیوں نہیں دے رہے؟ ،نگراں وزیر انسانی حقوق، سیکرٹری داخلہ اور دفاع بھی آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریری فیصلے میں کہا امید ہے نگراں وزیر اعظم، وزرا،سیکرٹریز ٹھوس نتائج کےساتھ عدالت میں پیش ہوں گے،امید ہے عدالت کو بتایا جائے گا لاپتہ طلبہ اپنے گھروں میں واپس پہنچ گئے ،تحریری حکم نامے کے مطابق مختلف یونیورسٹیوں کے 69 بلوچ طلبہ کی نسلی پروفائلنگ کی گئی،ہراساں ،جبری گمشدہ کیا گیا، ریکارڈ کے مطابق کچھ لاپتہ طلبہ گھروں کو لوٹ آئے لیکن کم از کم 50 اب بھی غائب ہیں۔

ہائیکورٹ نے کہاسابق چیف جسٹس ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے بلوچ طلبہ کے تحفظات کے ازالے کےلئے کمیشن تشکیل دیا ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے تسلیم کیا ریاستی اداروں کی جانب سے جبری گمشدہ بلوچ طلبہ اب بھی لاپتہ ہیں،تحریری حکم نامے میں کہا گیا 21 سماعتوں کے باوجود مسئلے پر مثبت نتائج نہ آنا آئین کی توہین ہے،عدالتیں مظلوم کےلئے امید کی آخری کرن ہوتی ہیں، ریاستی عہدیداروں کے سست روئیے نے اعلیٰ عدالتوں پر عوامی اعتماد متزلزل کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاالارمنگ ہے ریاستی اداروں پر بلوچ طلبہ کی جبری گمشدگی کا الزام ہے اور وہی بازیاب کرانے میں بے بس ہیں، عدالت نتیجے پر پہنچی ہے وفاقی حکومت معاملے سے غیر سنجیدگی سے نمٹ رہی ہے،شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی ذمے دار حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روک نہیں پا رہی، عدالت کے پاس نگراں وزیر اعظم، وزیر دفاع اور داخلہ کو طلب کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کمیشن رپورٹ کے مطابق یونیورسٹیوں ،کالجوں کے طلبہ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اٹھایا، کوئی طالب علم ریاست مخالف سرگرمی میں ملوث ہو تو متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔