اسلام آباد (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم،الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے 20دن میں دوبارہ کرانے کاحکم دےدیا،الیکشن کمیشن نے تحریری فیصلے میں کہا گیا پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن آئین کے تحت غیر شفاف تھے،پی ٹی آئی آئین کے تحت 20 روز کے اندر انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کرائے۔
21 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن نے کہاپی ٹی آئی آئین کے مطابق شفاف و منصفانہ انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کرا سکی،22جون کو کرائے گئے انٹرا پارٹی الیکشن قابل اعتراض و متنازع ہیں، قبول نہیں کیا جا سکتا،الیکشن کمیشن کسی اقدام سے قبل نرم رویہ برت رہا ہے، پی ٹی آئی 20 روز کے اندر انتخاب کرا کرنتائج 7 روز کے اندر جمع کرائے، پی ٹی آئی 20 روز میں الیکشن نہ کرا سکی تو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے اور انتخابی نشان لینے کیلئے نااہل ہو گی،20 دن کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کرائے جائیں تب تک بلے کا نشان پی ٹی آئی کے پاس رہے گا ورنہ واپس لے لیا جائے گا۔
فیصلے کے بعد پی ٹی آئی وکیل بیرسٹر گوہر نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہاالیکشن کمیشن کے فیصلے سے بہت افسوس ہوا، انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے،فیصلے کوچیلنج کریں گے،چیئرمین پی ٹی آئی کوکوئی مائنس نہیں کرسکتا، چیئرمین تھے، ہیں اور رہیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کو صرف ایک کیس میں سزا ہوئی جسے ہائیکورٹ نے کالعدم قراردیا،نااہلی نہیں ہوئی وہ تمام آفسز کیلئے اہل ہیں، بلے کا نشان ہمارے پاس ہی رہے گا۔
ادھر ترجمان پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کا فیصلہ توقعات کے عین مطابق ہے،الیکشن کمیشن کے فیصلے نے پی ٹی آئی ، بالخصوص پی ٹی آئی چیئرمین کو انتخابات سے باہر رکھنے کی سازش کوپھر بے نقاب کر دیا ،فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد آئینی قانونی و سیاسی راستوں سے بھرپور چارہ جوئی کی جائے گی۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا الیکشن کمیشن نے بارہا درخواستوں کے باوجود انٹرا پارٹی انتخاب کے معاملے کو مخصوص مقصد کے تحت بلاجواز التوا کا شکار کیے رکھا، تحریک انصاف کی چیف الیکشن کمشنر سے ہونے والی 2 ملاقاتوں میں پارٹی کو آئینی حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی گئی مگر فیصلہ برعکس ثابت ہوا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں ”بلا“تحریک انصاف کا انتخابی نشان تھا، ہے اور ”بلے“کا نشان بیلٹ پیپر پر آئندہ بھی رہے گا۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت عام انتخابات کی تیاریوں پر اجلاس ہوا،بریفنگ دی گئی ابتدائی حلقہ بندیوں پر تمام عذرداریوں پر الیکشن کمیشن نے سماعت مکمل کر لی ، انتخابات کےلئے مکمل تیار ہے ،حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کر دی جائے گی،حتمی انتخابی فہرستوں کی ترسیل الیکشن پروگرام تک یقینی بنائی جائے گی، سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد ضابطہ اخلاق کی منظوری دےدی۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ضابطہ اخلاق کا باضابطہ نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا، ڈی آر اوز، آر اوز ،پولنگ سٹاف کی ٹریننگ کا پلان تیارہے ، انتخابی آفیشلز کی بروقت ٹریننگ کو یقینی بنایا جائے گا،مزید برآںالیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پولنگ عملے کےلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں ،اداروں سے افسروں و ملازمین کی فہرستیں طلب کرلیں۔
ای سی پی نے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، سیکرٹری توانائی، گورنر سٹیٹ بینک اور اکاو¿نٹنٹ جنرل کو خطوط ارسال کردئیے،الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا عام انتخابات کےلئے 10 لاکھ پولنگ سٹاف کی ضرورت ہو گی اور آئین کے تحت تمام وفاقی، صوبائی حکومتیں اور ادارے عام انتخابات کےلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں۔
پی ٹی آئی دوبارہ انٹرا پارٹی انتخابات کرائے ورنہ بلے کانشان واپس،الیکشن کمیشن



















