اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،سپیشل رپورٹر)پی ٹی آئی رہنما وسابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کو وطن واپس لانے کےلئے قانونی عمل کا آغاز کر دیا گیا۔
مونس الٰہی کو واپس لانے کےلئے نگراں وفاقی حکومت کا انٹرپول سے رابطہ ہوا،ایف آئی اے نے انٹرپول حکام سے رابطے کیے ،ذرائع وفاقی حکومت کے مطابق مونس الٰہی کےخلاف تمام مقدمات کی تفصیل انٹرپول حکام سے شیئر کی گئیں اور گرفتاری کےلئے ریڈ نوٹس جاری کرانے کا عمل شروع ہو گیا ۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور نگراں وفاقی حکومت نے مونس الٰہی سے متعلق تمام ڈیٹا مانگا تھا جو نگراں پنجاب حکومت نے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما مونس الٰہی کےخلاف ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں عدالتی حکم پر بینک اکاﺅنٹس منجمد کردئیے گئے ہیں،دستاویز کے مطابق مونس الٰہی کے لاہور میں 8 مختلف بینک اکاﺅنٹس منجمد کیے گئے ،مختلف بینک اکاﺅنٹس میں 48 کروڑ 76 لاکھ سے زائد کی رقم آئی اور ساری رقم بینک اکاﺅنٹس سے نکلوا لی۔
دستاویز میں بتایا گیا مونس کے رقم جمع کرانے اور منتقل کرنے میں استعمال ہونے والے بینک اکاﺅنٹس منجمد کردیئے گئے ،مختلف بینک اکاﺅنٹس منی لانڈرنگ کےلئے استعمال ہوئے ،دستاویز کے مطابق مونس الٰہی کی 6 مختلف پراپرٹیز کو بھی منجمد کر دیا گیا ،قصور میں 5اور راولپنڈی میں ایک پراپرٹی کو منجمد کیا گیا، انہوں نے پراپرٹیز منی لانڈرنگ سے بنائیں اور عدالتی حکم پر بینک اکاﺅنٹس اور پراپرٹیز کو منجمد کیا گیا ۔
مونس کو واپس لانے کیلئے انٹر پول سے رابطہ،بینک اکاﺅنٹس، جائیدادیں منجمد



















