لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس فورس اورانکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کی سکروٹنی پر آئی جی پنجاب نے مختلف اضلاع کے ملازمین کو طبی اخراجات کیلئے 21لگ بھگ لاکھ روپے جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی عنایت بھٹی کو بیٹے کے کینسر کے علاج کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے، ڈیرہ غازیخان کے کانسٹیبل نذیر احمد مرحوم کی اہلیہ کو گرد ے و جگر کے علاج کیلئے 05 لاکھ روپے دئیے گئے، لاہور پولیس کے کانسٹیبل محمد طاہر فاروق کو ٹانگ کے علاج کیلئے 2 لاکھ روپے دئیے گئے، کانسٹیبل ڈرائیور محمود رزاق کو ٹانگ کے آپریشن کیلئے 3 لاکھ روپے دئیے گئے، ساہیوال پولیس کے کانسٹیبل آصف کو بیٹی کی ہارٹ سرجری کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے گئے، سیالکوٹ پولیس کے کانسٹیبل ندیم عاشق کو بیٹے کی ہارٹ سرجری کیلئے 2لاکھ روپے دئیے گئے، سی ٹی ڈی کے ریٹائرڈ کانسٹیبل جہانگیر خان کو الیکٹرک وہیل چئیر کیلئے ایک لاکھ 25ہزار روپے دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس بالخصوص کانسٹیبلوں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی عارضہ صحت سے دوچار پولیس ملازم یا اسکے اہل خانہ کو بیماری کے خلاف جنگ میں تنہا نہیں چھوڑا جائےگا۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں ڈی ایس پی محمد عمر فاروق سے ملاقات کی۔ ڈی ایس پی عمر فاروق دو برس قبل لاہور میں ڈیوٹی کے دوران مشتعل مظاہرین کے مظاہرے میں شدید زخمی ہوگئے تھے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مشتعل مظاہرین کے تشدد سے شدید زخمی ہونے کے باوجود ڈیوٹی پر ڈٹے رہنے والے ڈی ایس پی محمد عمر فاروق کی فرض شناسی کو شاندار الفاظ میں سراہا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی ایس پی محمد عمر فاروق کو غازی میڈل سے بھی نوازا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈی ایس پی محمد عمر فاروق کا نام پنجاب پولیس کی غازی وال پر کندہ کیا گیا ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے دوران زخمی ہونے والے غازی افسران و اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں، غازی افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ ہر سطح پر جاری رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ غازی افسران و اہلکاروں کے علاج معالجے اور جلد از جلد بحالی کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رہیں گے۔
مختلف امراض میں مبتلا افسران، اہلکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے :آئی جی پنجاب



















