جسٹس مظاہر اکبر نقوی کو تفصیلی شوکاز ،14دن میں جوا ب طلب

اسلام آباد (بیورورپورٹ)جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو تفصیلی شوکاز نوٹس ،سپریم جوڈیشل کونسل نے 14دن میں جواب طلب کرلیا،سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت ہوا ،جسٹس مظاہر نقوی کےخلاف شکایات کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سامنے آئے شواہد کی روشنی میں جسٹس مظاہر نقوی کو تفصیلی نوٹس جاری کیا گیا۔

شوکاز میں کہاگیا ہے جسٹس مظاہر نقوی 14 روز کے اندر اظہار وجوہ نوٹس کا جواب دیں،کونسل نے مسلسل 3 دن جسٹس مظاہرنقوی کےخلاف شکایات و اعتراضات کا جائزہ لیا،کونسل نے 10شکایت کنندگان کو سنا ۔

ذرائع کے مطابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے اعتراضات میں سے 2 اعتراضات کی وضاحت ہونے پر واپس بھی لیے گئے، تیسرے روز اجلاس میں صرف کونسل اراکین کی جانب سے مشاورت کی گئی ،جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز4-1کے تناسب سے جاری کیا گیا، چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ، جسٹس سردارطارق، جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس نعیم افغان نے شوکاز جاری کرنے کی حمایت کی، صرف جسٹس اعجازالاحسن نے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز جاری کرنے کی مخالفت کی۔