عمران خان پرلگی دفعات میں عمر قید یا سزائے موت ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پرلگی دفعات میں عمر قید یا سزائے موت ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی ضمانت مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت مسترد کرنے کا 10صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا ،فیصلے میںکہا گیا چیئرمین پی ٹی آئی پر لگی دفعات میں عمر قید یا سزائے موت ہے،سائفر کیس کا ٹرائل پہلے ہی شروع ہے، مناسب بیلنس ٹرائل کورٹ کو جلد ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت سے ہی حاصل ہو سکتا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہاجرم میں معاونت کرنے والے کو مرکزی جرم کرنے کی طرح ہی دیکھا جائے گا، بلا شبہ ضمانت سزا روکنا نہیں لیکن عمر قید یا سزائے موت کے ملزموں کو عدالتیں ضمانت دیتے احتیاط سے کام لیتی ہیں اس قسم کے کیسز میں جب تک معقول وجہ موجود نہ ہو ضمانت نہیں دی جا سکتی،تفصیلی فیصلے میں کہا گیا عدالت ضمانت مسترد کر کے ہدایت کرتی ہے ٹرائل کو 4 ہفتے میں مکمل کیا جائے، آرٹیکل 248 کا استثنیٰ صرف آفیشل ڈیوٹی کےلئے ہے، شاہ محمود قریشی پر جلسے میں تقریر کا الزام ہے، شاہ محمود قریشی کی 27 مارچ کو جلسے میں تقریر آفیشل ڈیوٹی میں نہیں آتی۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ ،سابق خاتون اول بشریٰ کی کیسز کی تفصیلات کےلئے درخواست سماعت کےلئے مقرر کرلی گئی ،جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ سماعت کرے گا،علاوہ ازیںڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے غیر شرعی نکاح کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور اہلیہ کی بریت درخواست پر 25 نومبر کو دلائل طلب کر لیے۔