لاہور (مشرق نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کا کہنا ہے سائیکلنگ کو فروغ دیں تو لاہورئیے 5 ماہ بعد سائیکلوں پر نظر آئیں گے۔ سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں ہوئی۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے حکومتی سفارشات سے متعلق عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریسٹورینٹس جلد بند کرنے، جم وغیرہ بند کرنے کی سفارشات تیار کی ہیں۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کچھ سفارشات غیر ضروری ہیں، جم وغیرہ تو کورونا میں بند ہوئے تھے جس پر سرکاری وکیل نے کہا ابھی سفارشات پر نظر ثانی ہو رہی ہے۔
عدالت نے کہا کہ سموگ سے متعلق جتنا کردار فیکٹریوں کا ہے اتنا ہی متعلقہ ادارے کے افسران کا بھی ہے، غفلت برتنے والے افسران کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائیاں کی جائیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ بیجنگ میں سموگ ختم کر دی گئی ہے وہ بڑی مثال ہے جبکہ عدالتی معاون نے بتایا کہ بھارتی رپورٹ کے مطابق دیوالی پر سموگ کو کنٹرول کیا گیا۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ بھارت میں بہت زیادہ فصلوں کی باقیات جلائی جاتی ہیں، اگر ہوا بھارت سے پاکستان کی جانب چلے تو وہ تمام اثرات پاکستان میں آئیں گے۔ لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کے خلاف کارروائیاں یقینی بنائیں، ڈولفن فورس والے اور کچھ نہیں کرتے تو گاڑیاں دھونے والوں کی تصویر بنا کر بھیج دیں۔
لاہور ہائیکورٹ کا سموگ کے تدارک کیلئے ایک بار پھر سائیکلنگ کو فروغ دینے پر زور



















