لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کا دورہ کیا اورمختلف کورسز میں زیرتربیت پولیس افسران و اہلکاروں اور لیڈی افسران سے خطاب میں اہم ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس کو دہشت گردی، شدت پسندی اور فرقہ واریت کے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم پولیس فورس ملک دشمن قوتوں کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ گراں قدر قربانیاں دیں، پولیس کے جوان نامساعد حالات، محدود وسائل کے باوجود عوام اور سماج دشمن عناصر کے درمیان سیسہ پلائی دیوار ہیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ 10ماہ قبل فورس کے انفراسٹرکچر، پروموشنز، ویلفیئر میں بہتری، مثبت نتائج کیلئے اعتماد کے سفر کا آغاز کیاجس کے اثرات بتدریج صوبے کی عوا م کو منتقل ہورہے ہیں۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس شہداءکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہیں جس کے تسلسل میں فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا گیا ہے۔ لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل نوید حنیف کے اہل خانہ کو انکی پسند کے مطابق بسم اللہ ہاوسنگ سوسائٹی میں ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا،شہید کانسٹیبل نوید حنیف نے رواں برس 21 اپریل کو تھانہ مناواں کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکووں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا تھا، شہید کے لواحقین میں اہلیہ عنبرین غیاث، سات سالہ بیٹی مروا فاطمہ اور والدہ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور نے قتل، بینک ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کامیابی سے ورک آوٹ کرنے والے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور کیش انعامات سے نوازا ہے، دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد کی گئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فیصل آباد ریجن کے 07 افسران کو تعریفی لیٹرز جبکہ 21 اہلکاروں کو 20 ہزار فی کس کیش انعامات سے نوازا۔
پولیس سے بڑھ کر ملک و عوام کی حفاظت کرنے والا کوئی ادارہ نہیں :آئی جی پنجاب



















