اسلام آباد (بیورورپورٹ)سائفر کیس خارج کیاجائے،عمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا،چیئرمین پی ٹی آئی نے وکیل لطیف کھوسہ کے ذریعے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں سائفر کیس کا مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کردی،درخواست میں وفاقی حکومت ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جیل ٹرائل پر حکم امتناع میں 20 نومبرتک توسیع کردی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سائفرکیس میں جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی جس سلسلے میں اٹارنی جنرل، اسپیشل پراسیکیوٹر اور عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے،دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہاگیا جیل میں کورٹ دس بائی دس کے کمرے میں لگائی گئی،
سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا جیل میں جوپہلے کورٹ روم تھا وہاں صرف15 سے16 افرادکی گنجائش تھی،اٹارنی جنرل نے کہا کیس میں جیل ٹرائل اوپن ٹرائل ہے، اب جیل میں کورٹ پروسیڈنگ اورٹرائل کیلئے پہلے کی نسبت بڑا کمرہ مل گیا ۔
مزید برآں چیئرمین پی ٹی آئی نے وکلاءسے ملاقات کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر کر دی،درخواست میں کہا گیا ہے وکلاءبابر اعوان، نعیم پنجھوتھا، انتظار پنجھوتھا، شاداب جعفری، علی اعجاز بٹر، سمیر کھوسہ اور شہباز کھوسہ کو چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے،چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ میری طرف سے دی گئی فہرست کو جیل حکام نے تبدیل کر دیا اور جیل حکام کی طرف سے کہا گیا چیئرمین پی ٹی آئی نے وکلاءکی یہی فہرست دی ہے،درخواست میں کہا گیا ہے فائنل فہرست میں سے ایسے وکلاءکے نام بھی نکال دیئے گئے جو عدالتوں میں میری نمائندگی کر رہے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست میں استدعا کی کہ عدالتوں میں نمائندگی کرنے والے وکلاءکو ملاقات کی اجازت دی جائے ۔
علاوہ ازیں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا،ذرائع کے مطابق وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت آئندہ ہفتے دائر کیے جانے کا امکان ہے،شاہ محمود قریشی کی لیگل ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی تصدیق شدہ نقل کا انتظار کر رہی ہے، فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی ملتے ہی سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی جائے گی،یاد رہے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پہلے ہی ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر چکے ہیں۔
سائفر کیس خارج کیاجائے،عمران خان کاسپریم کورٹ سے رجوع



















