لاہور(اپنے رپورٹر سے) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا پیپلزپارٹی اتحاد نہیں کریگی، ہمارا گھوڑا اکیلا ہے،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا انتخابات پنکچر کیے گئے تو بڑا نقصان ہوگا، عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کیلئے سب کچھ پلان ہو رہا ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ کیسے ہو سکتی ہے جب ایک پارٹی کے لوگ حکومت میں بیٹھے ہیں،انہوں نے کہا وزیراعظم ہاوس آج بھی ان کے ہاتھ میں ہے جن کے ہاتھ میں پہلے تھا، سلیکشن ہوئی تو ملک کا فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہوگا، پیپلز پارٹی الزام تراشی کی سیاست نہیں کرتی، دعا کرتے ہیں اس ملک میں جمہوری طریقے سے وقت پر انتخابات ہو جائیں،سابق وفاقی وزیر نے کہا اگر میاں صاحب سیدھے 4 دن جیل میں چلے جاتے تو سیاستدانوں کا قد بڑھ جاتا، عدالت سے ضمانت لینے سے نوازشریف کا قد چھوٹا ہوا ہے، پیپلز پارٹی کا وجود پنجاب سے ہوا ہے، ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہیں،یہ تو عوام کو دیکھنا چاہیے کہ ان کے ساتھ ہو کیا رہا ہے،غزہ میں جنگ پر حکومتی کردار کے حوالے سے سابق اپوزیشن لیڈر نے کہا نگران حکومت کو فلسطین کے مسئلے پر آواز بلند کرنی چاہیے۔
اتحاد نہیں کرینگے، انتخابات پنکچر کیے گئے تو بڑا نقصان ہوگا: خورشید شاہ



















