شادی تقریبات میں ون ڈش اور اوقات کار کی خلاف ورزی پرسخت ایکشن لیاجائے،محسن نقوی

لاہو ر( خبر نگار) وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شادی تقریبات میں ون ڈش اور اوقات کار کی پابندی پر سختی سے عملدر آمد کرانے کا حکم دےدیا،محسن نقوی نے شادی تقریبات میں ون ڈش اور اوقات کار کی پابندی کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کمشنرز ،ڈپٹی کمشنرز کو ون ڈش ،اوقات کار کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے ہدایات جاری کر دیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا ون ڈش یا اوقات کار کی پابندی نہ کرنے والوں کےخلاف کوئی رعایت نہ برتی جائے،بلاامتیاز ایکشن لیاجائےگا۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑفلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا،مزدوروں سے مصافحہ کیا ،تیز رفتاری سے کام پر شاباش دی۔

محسن نقوی نے منصوبے کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہامنصوبے کے تعمیراتی کاموں میں کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے،منصوبے مکمل ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت و آسانی ملے گی،سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ تک سگنل فری کوریڈور مکمل ہو گا۔

مزید برآںوزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی ٹریننگ ائیر بیس پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے والے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا حملہ ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے جوان قوم کے ہیرو ہیں اور قوم کو اپنے جری جوانوں پر ناز ہے۔