بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر حملہ،14جوان شہید

راولپنڈی،ڈی آئی خان،اسلام آباد، (بیورورپورٹ)بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر حملہ،14جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پسنی سے اورماڑہ جانے والی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشتگردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا،افسوسناک واقعہ میں14جوانوں نے جام شہادت نوش کیا،گھناونے فعل میں ملوث دہشتگردوں کو پکڑنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، دہشتگردوں کو پکڑ کر کٹہرے میں لایا جائےگا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہاسکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

ادھر صدر ،وزیراعظم ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے شہید جوانوں کو خرا ج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا دہشتگردی صوبے کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے،قربانیوں کے بعد بحال ہونا والا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، شہید جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جب تک دہشتگردی کا ناسور ارض پاک سے ختم نہیں ہو جاتا تب تک جنگ جاری رہے گی۔

دوسری جانب ڈی آئی خان میں پولیس پر حملے کیے گئے،2دھماکوں میں6 افراد جاں بحق ،اہلکاروں سمیت 21 زخمی ہو گئے۔

ٹانک اڈا پر ایلیٹ فورس کی نفری لےجانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ،اہلکاروں،طالبات سمیت 21 زخمی ہو گئے،پولیس اہلکار بھی شامل ہیں،زخمیوں کی ہسپتال منتقلی کے موقع پر ہسپتال میں موجود اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی گئی،ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خیز موادموٹرسائیکل میں نصب تھا،دوسرا دھماکہ ہتھالہ پولیس سٹیشن کے قریب آرمی و پولیس کی مشترکہ پارٹی پر ہوا،سڑک کنارے نصب بارودی مواد کو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا،نو جوان چل بسا، دھماکے کے بعد حملہ آوروں ،فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔