عمران کاضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع،بیٹوں سے بات کرنے کی اجازت

اسلام آباد (بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا،درخواست میں مدعی مقدمہ نسیم کھوکھر اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے موقف اپنایاسائفر کیس سیاسی مقدمات کی کڑی ہے، ٹرائل کورٹ سمجھنے میں ناکام رہی ،درخواست ضمانت آئین کے آرٹیکل 185 کے تحت دائر کی گئی ،مقدمے میں وزارت داخلہ کے ماتحت ایف آئی اے کی بدنیتی صاف ظاہر ہے، سائفر و فارن فنڈنگ مقدمات ایف آئی اے کی بدنیتی کو صاف ظاہر کرتے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے استدعا کی گئی ملزم کو مقدمے میں ضمانت پر رہا کیا جائے۔

دوسری جانب آفیشل سیکرٹ ایکٹ پر سماعت کرنےوالی خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آج بذریعہ واٹس ایپ بیٹوں سے بات کرنے کی اجازت دےدی،آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کی درخواست منظور کر لی۔