حکومت کا عمران خان کو الیکشن کمیشن میں پیش کرنے سے انکار

اسلام آباد (مشرق نیوز) نگراں حکومت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن میں پیش کرنے سے معذرت کرلی۔ پنجاب پولیس نے سکیورٹی رسک قرار دیا تو الیکشن کمیشن نے ریمارکس دئیے کہ وزارت داخلہ اگر ایک شخص کو سکیورٹی نہیں دے سکتی توالیکشن کیسے کرائیں گے ، کمیشن نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو طلب کرلیا۔

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی چیئرمین، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل شعیب شاہین، فواد چوہدری، اسد عمر پیش ہوئے۔ حکومت نے عمران خان کو الیکشن کمیشن کے روبرو پیش کرنے سے انکار کردیا۔ اس پر وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن کی اصل توہین ہوئی ہے۔