لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب ہائی وے پٹرول کے ترقی پانے والے 91 افسران کو سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں پروموشن رینک لگائے۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی راو عبدالکریم، ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید، سینئر پولیس افسران، ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ترقی پانے والے افسران کو محکمانہ ترقی پر مبارک باد دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید نے پٹرولنگ پولیس کو جدیدخطوط پر استوار کردیا ہے اور اس وقت پٹرولنگ پولیس کرائم فائٹنگ، روڈ سیفٹی، ٹریفک مینجمنٹ کے ساتھ شہریوں کی خدمت میں بھی آگے ہے،آئی جی پنجاب نے کہا کہ میانوالی میں ہارون شہید چیک پوسٹ پر پی ایچ پی کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ گزشتہ 8 ماہ کے دوران مجموعی طور پر ہزار سے 16 ہزار سے زائد پروموشنز کر چکے ہیں، ڈی ایس پی سے ایس پی رینک پر ترقی کا بورڈ جلد ہو گا، ٹریننگ کورسز مکمل ہونے کے بعد آئندہ چند مہینوں میں کانسٹیبلری میں بھی ہزاروں پروموشنز ہونگی۔ دریں اثناءڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید نے کہا کہ پی ایچ پی ای چالاننگ کے ذریعے 32 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کروا چکی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پی ایچ پی کی مجموعی کارکردگی قابل ستائش ہے جسے مزید بہتر وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی سے پاکستان کی بہترین پٹرولنگ فورس بنا کر دم لیں گے۔ علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر اتوار کے روز صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے موقع پر پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ ہوکر فرائض ادا کئے، مسیحی شہریوں نے پر امن ماحول میں اپنی عبادات کیں اور دعائیہ تقریبات میں شرکت کی۔ قبل ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میں ایس پیز، سپروائزری افسران گرجا گھروں، اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں، حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے جائیں، ڈولفن سکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد موثر پٹرولنگ کریں، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں، شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں، گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اورحساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ علما کرام، مسیحی کمیونٹی، امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس نے مسیحی کمیونٹی سمیت اقلیتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے میثاق سنٹرز قائم کر رکھے ہیں۔
پٹرولنگ پولیس کرائم فائٹنگ سمیت شہریوں کی خدمت میں بھی آگے ہے:آئی جی پنجاب



















