لاہور (کورٹ رپورٹر،اپنے رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ نے ایفی ڈرین کیس میں رہنما ن لیگ حنیف عباسی کی سزا کالعدم قرار دےدی،جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے ن لیگی رہنما حنیف عباسی کی 25 سال قید کی سزا کےخلاف دائر اپیل پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
دوران سماعت حنیف عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے،اے این ایف کے وکیل نے موقف اختیار کیاحنیف عباسی کےخلاف درج مقدمے کی انکوائری رولز کے مطابق نہیں ہوئی، حنیف عباسی کو ٹرائل کورٹ نے 25سال قید کی سزا سنائی جن افراد نے ایفی ڈرین کا کوٹہ دیا ان کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا،حنیف عباسی کے وکیل نے کہا ایفی ڈرین جتنی دی گئی ساری ادویات میں استعمال ہوئی ،ادویات کی مارکیٹ میں باقاعدہ فروخت بھی ہوئی جس کی رسیدیں موجود ہیں، ٹرائل کورٹ نے سزا دیتے وقت درست حالات کا جائزہ نہیں لیا۔
لیگی رہنما حنیف عباسی نے بریت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جھوٹے مقدمے میں سرخرو ہونے پر شکرگزار ہوں،الیکشن میں مقابلہ شیخ رشید کےساتھ ہو گا ۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے حنیف عباسی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا حنیف عباسی من گھڑت و بے بنیاد مقدمے میں بری ہوئے، بریت اس جھوٹ سے بریت ہے جس کا سامنا کئی برس تک کرنا پڑا، آخر کار سچ سامنے آ کر ہی رہتا ہے،انتہائی خطرناک الزام کا حنیف عباسی ،اہلخانہ نے بڑی جرات، بہادری اور استقامت سے مقابلہ کیا ۔
بعدازاںشہبازشریف سے پارٹی رہنما حنیف عباسی نے ملاقات کی ، شہبازشریف نے اپنی رہائشگاہ آمد پر حنیف عباسی کا استقبال کیا،گلے لگا کر ایفی ڈرین کیس میں بریت پر مبارکباد دی ،شہبازشریف نے حنیف عباسی اور بیٹے کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے ۔
حنیف عباسی ایفی ڈرین کیس میں بری، 25سال قید کی سزا کالعدم



















