سائفر کیس،عمران،قریشی پر فردجرم کی کارروائی موخر،23اکتوبر نئی تاریخ مقرر

راولپنڈی(بیورورپورٹ)سائفر کیس میں عمران،قریشی پر فرد جرم کی کارروائی موخر، آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے 23اکتوبر کی نئی تاریخ مقرر کردی۔

اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں سپیشل جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دئیے آئندہ تاریخ پر صرف فرد جرم کی کارروائی ہوگی،پراسیکیوٹر شاہ خاور نے کہا چالان کی تمام ضروری نقول فراہم کر دیں، آئندہ تاریخ 23 اکتوبر کو فرد جرم کےساتھ ہی گواہوں کی طلبی ہوگی۔

وکیل شیر افضل مروت نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کا مورال بلند ہے،وکلا صفائی نے شاہ محمود قریشی کےخلاف جیل ٹرائل پر قانونی اعتراض اٹھایا،پراسیکیوٹر نے کہا شاہ محمود قریشی کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہوچکا ،وکیل صفائی نے کہا نوٹیفکیشن ابھی ہوا اس لیے جیل ٹرائل کی تمام کارروائی غیر قانونی ہے لہٰذا بغیر نوٹیفکیشن چالان کی نقول تقسیم غیر قانونی تھیں ،کالعدم قرار دیا جائے۔

سابق وزیر اعظم اور سابق وزیر خارجہ کو دوبارہ پنجرہ نما کمرے میں پیش کرنے پر وکلا صفائی کے سخت اعتراض پر جج نے قرار دیا آئندہ مقدمے کی سماعت کھلی وسیع عدالت میں ہوگی اور پنجرہ ختم کرنے کا حکم دےدیا، دونوں ملزموں سے وکلانے پنجرہ کی جالیوں سے مشاورت کی، شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور بیٹا زین قریشی بھی جیل میں موجود رہے۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل میں توسیع کر دی گئی،ذرائع کے مطابق جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے احکامات پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عمل درآمد کرتے ہوئے سیل 35 فٹ سے تقریباً 60 فٹ تک بڑھا دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے گھر کے کھانے اور ورزش کیلئے سائیکل مہیا کرنے کی درخواستیں بھی دائر کیں،ذرائع کے مطابق سماعت کے دوران جج ابوالحسنات نے چیئرمین پی ٹی آئی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا جیل میں کھانا فراہمی کی ذمے داری جیل حکام کی ہے،جج ابوالحسنات نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ورزش کیلئے مینوئل کے تحت سائیکل مہیا کرنے کے بھی احکامات جاری کر دیئے۔