دمشق، غزہ، تل ابیب، ریاض، دوحہ، اسلام آباد (مشرق نیوز+ بیورو رپورٹ) اسرائیل کا شام پر بھی حملہ، دمشق اور حلب میں بمباری، غزہ کی بدستور ناکہ بندی، شہید فلسطینیوں کی تعداد 1450 سے متجاوز، صہیونی ہلاکتیں 1300 سے بڑھ گئی، جنگ بندی کےلئے عالمی سطح پر کوششیں تیز ہوگئیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق، شمالی شہر حلب کے اہم ہوائی اڈوں پر حملے کئے، اسرائیلی بمباری کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، بمباری ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ممکنہ دورے سے کچھ دیر قبل کی گئی، شامی فوج کی جانب سے اسرائیلی طیاروں پر طیارہ شکن میزائل سے جوابی حملے کئے گئے۔
دریں اثنا غزہ میں مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملے میں مزید 15 فلسطینی شہید ہوگئے، شہدا کی تعداد 1400 سے متجاوز کرگئی، نصف تعداد معصوم بچوں، خواتین کی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے کہا غزہ پٹی پراسرائیلی وحشیانہ جارحیت کے باعث 50 سے زائد طبی عملہ شہید ہوا، وسیع تباہی سے غزہ پٹی میں ماحولیاتی آلودگی و وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔
حماس ترجمان کے مطابق اسرائیل نے پورے غزہ میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، شہریوں کو حملے سے قبل کوئی وارننگ نہیں دی گئی، عالمی فلاحی تنظیم ریڈ کراس نے کہاہے غزہ کی مکمل ناکہ بندی سے انسانی بحران بڑھ رہا ہے، ہسپتالوں کے مردہ خانوں میں تبدیل ہونے کا خطرہ ہے، مرکزی ہسپتال میں جنریٹرز کےلئے صرف 4 دن کا ایندھن رہ گیا، ریڈ کراس کے علاقائی ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ ہشام مہانا نے کہا فریقین سے درخواست کرتا ہوں شہریوں کی مشکلات کم کریں۔
ادھر اسرائیلی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے حماس نے بھی تل ابیب، عسقلان، اشدود اور سیدروت پر راکٹ برسائے، طوفان الاقصیٰ آپریشن میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 1300 سے بڑھ گئی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق حملوں میں 22 امریکی اور 188 اسرائیلی فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق ہوئی۔
مزید برآں غزہ میں جنگ بندی کےلئے عالمی سطح پر کوششیں تیز ہو گئیں،غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ، متحدہ عرب امارات، ایران، ترکی اور اردن کے سربراہوں کے معاملے پر رابطے ہوئے، رہنماﺅں نے بڑھتے تشدد و کشیدگی پر قابو پانے کےلئے اقدامات کا جائزہ لیا، اماراتی صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور امریکی صدر جوبائیڈن کے ٹیلیفونک رابطے میں کشیدگی فوری کم کرنے کےلئے علاقائی و بین الاقوامی ہم آہنگی پر غور، شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دینے اور انسانی امداد کی ترسیل کےلئے محفوظ راہداری کھولنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلیفونک رابطے میں فلسطینیوں کےخلاف جنگی جرائم کے خاتمے پر اتفاق کیا،سعودی ولی عہد نے ترک صدر رجب طیب اردگان کو ٹیلیفون کیا اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔ یو اے ای اور ایران کے وزرائے خارجہ کی ٹیلیفونک گفتگو میں عام شہریوں کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن صدر جوبائیڈن کا پیغام لےکر اسرائیل جاپہنچے، وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات میں حماس کی کارروائی اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نے کہا امریکی صدر جوبائیڈن نے حماس کے اقدامات کو وحشیانہ عمل قرار دیا۔
نیتن یاہو نے کہا حماس دہشت گردی تنظیم ہے جو داعش کی طرح ہے، حماس کےساتھ بالکل ایسا ہی سلوک کیا جائےگا جیسا داعش کےساتھ کیا گیا، مشکل وقت ہے لیکن آپ یقین رکھیں جیت ہماری ہی ہوگی، امریکہ کا شکر گزار ہوں مشکل وقت میں ساتھ کھڑا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا حماس نے اسرائیل میں قتل عام کیا جس میں امریکی شہری بھی مارے گئے، ظلم و غیرانسانی فعل کی مذمت کرتا ہوں، دنیا کو پیغام دیتے ہیں امریکہ اسرائیل کےساتھ ہے اور آئندہ بھی ساتھ کھڑا رہیگا۔ حماس نے داعش کی یاد تازہ کردی۔ اسرائیل کی دفاعی ضروریات کا مکمل حصول یقینی کیلئے پرعزم ہیں۔ اسرائیل فلسطین کشیدگی کو پھیلنے سے روکنے کےلئے خطے کے ممالک سے تعاون جاری ہے، حماس فلسطینیوں کے مفاد کےلئے ہرگز کام نہیں کر رہی۔
انٹونی بلنکن نے کہا حماس نے غزہ پٹی کے وسائل کو یرغمال بنا رکھا ہے، اسرائیل میں ہنگامی جنگی کابینہ کی تشکیل کو سراہتے ہیں۔ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کےلئے مزید امداد راستے میں ہے، شہریوں کونقصان سے بچانے کےلئے ہرممکن اقدامات کی ضرورت ہے۔
علاوہ ازیں عرب لیگ کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا غزہ کے معاملے پر ہونے والا اجلاس فلسطینیوں کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کے اعادہ پر ختم ہوگیا، مشترکہ اعلامیے میں اسرائیلی بمباری میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا گیا اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی،عرب لیگ نے کہا جنگ بند نہ ہونے سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے اور المناک صورتحال پیدا ہوجائیگی، خطے پر جنگ کے منفی اثرات پڑیں گے۔
اعلامیے میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیاعالمی برادری جنگ کے خاتمے اور صورتحال کو معمول پر لانے کےلئے فوری اقدامات کرے، غزہ کی ناکہ بندی ختم اور امداد کی ترسیل بحال کی جائے۔
دوسری جانب پاکستان نے ایک بار پھر غزہ میں اسرائیل کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے سیز فائز کےلئے بھرپور کوششیں کی جائیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، غزہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس میں معصوم بچے، خواتین بھی شہید ہوئیں، فلسطینیوں کےخلاف اسرائیل امتیازی سلوک برت رہا ہے، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی طرف سے زمین تنگ کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں سیزفائر کی بھرپور کوشش کرے، مشرق وسطیٰ میں قیام امن وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا بجلی، ایندھن اور پانی کی سپلائی منقطع کرنے کا فیصلہ غیرمنصفانہ ہے، واپس لیا جانا چاہیے کیونکہ لاکھوں افراد کی زندگیوں پر شدید منفی اثر پڑیگا، جارحیت و تشدد کا موجودہ دور افسوسناک یاد دہانی ہے اور 7 دہائیوں سے زائد غیرقانونی غیرملکی قبضے، جارحیت اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کا براہ راست نتیجہ ہے جس میں سلامتی کونسل کی قراردادیں بھی شامل ہیں جو فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کو تسلیم کرتی ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا پاکستان اسرائیل کے حالیہ اشتعال انگیز کارروائیوں کے سنگین نتائج کےخلاف خبردار کرتا رہا ہے۔ عالمی برادری کو 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر فلسطین کی قابل عمل، خودمختار اور متصل ریاست کےساتھ منصفانہ جامع و دیرپا 2 ریاستی حل کےلئے ملکر کام کرنا چاہئے جس کا دارالحکومت القدس شریف (یروشلم) ہو۔
ترک صدر اردوان نے مکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی
ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان
فضل الرحمن کے ساتھ ہونیوالے واقعے پر پنجاب حکومت سے رابطہ کروں گا: گورنر کے پی
قانون سازی کے پیچھے چھپی نیتیں اکثر اداروں کو سمجھ نہیں آتیں: محسن کیانی
سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ
پاکستان کا 2035 تک چاند پر اترنے کا ہدف ہے:احسن اقبال
جنگ میں فتح کے قریب ، ایران کو معاہدے کا موقع دے رہے ہیں: ٹرمپ
کارڈیک ایمرجنسی میں چند لمحوں کی تاخیر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے،پروفیسر سید عمران الحسن
ٹوبہ ٹیک سنگھ ،خوفناک ٹریفک حادثہ، ایک خاندان کے 8 افراد جاں بحق
کویت ، ایرانی ڈرون حملے میں 2 اطالوی شہری ہلاک،پاکستانی سمیت4افراد زخمی



















