اسلام آباد (بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریٹائرمنٹ کے بعد قانونی رکاوٹ توڑنے اور مختلف ایونٹس کو غلط بیان کیس میں سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو نوٹس جاری کر دئیے۔
عاطف علی نامی شہری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا صحافی جاوید چودھری ،شاہد میتلا نے ویور شپ کےلئے 2آرٹیکلز لکھے ،معاشرے پر منفی اثر ہوا، دونوں کے آرٹیکلز کو درخواست کےساتھ لف کیا گیا ،آرٹیکلز دیکھے تو حیران رہ گیا کیسے مافیا معاشرے کو پراگندا کر رہا ہے، آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مجرمانہ رویہ سامنے آیا ہے اسی لیے مقدمہ اندراج کی درخواست دی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا مجرمانہ ایکٹ باجوہ ،فیض کی ملی بھگت سے ہوا لہٰذا ایف آئی اے سخت ایکشن لے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے شہری عاطف علی کی درخواست پر تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا درخواست گزار کے مطابق ایف آئی اے کو مقدمہ اندراج کی درخواست کے بعد بار بار استدعا کی لیکن کوئی ایکشن نہیں ہوا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا درخواست گزار کے وکیل نے کہا ایف آئی اے کو حکم دیا جائے مقدمہ درج کرکے کارروائی کرے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ ،لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سمیت صحافی جاوید چودھری، شاہد متلا، پیمرا و دیگر فریقین کو بھی نوٹسز جاری کر دئیے۔
قانونی رکاوٹ توڑنے وغلط بیان کیس، قمر جاوید باجوہ اور فیض حمید کو نوٹس



















