حماس اسرائیل میں گھمسان کارن،شدید جھڑپیں،راکٹ حملے،اموات میں اضافہ

تل ابیب،غزہ،اسلام آباد(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)حماس اسرائیل میں گھمسان کارن،متعدد مقامات پر شدید جھڑپیں،حملوں میں سینئر فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 700 سے متجاوز ،500سے زائد فلسطینی شہید،سینکڑوں زخمی،اسماعیل ہنیہ نے اسرائیل کیخلاف جنگ کومغربی کنارے و یروشلم تک لےجانے کااعلان کردیا جبکہ پاکستان نے فلسطینیوں کےساتھ کھڑے ہونے کااعلان کرتے ہوئے اسرائیلی قابض افواج کے تشدد اور جبر کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔

فلسطین کی مزاحتمی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیل کےخلاف ہفتے کے روز شروع کیاجانےوالا ” آپریشن الاقصیٰ فلڈ “ دوسرے بھی جاری رہا،حماس نے زمینی ، سمندری و فضائی حملوں سے اسرائیل کا غرور خاک میں ملا دیا،مزید میزائل حملوں نے یہودیوں پر لرزہ طار ی کردیا،اسرائیل کی گلیوں،سڑکوں پر شدید جھڑپیں جاری ہیں،سینئر فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 700سے تجاوز کرگئی،1600سے زائد زخمی ہیں،کئی عمارتیں ملبے کاڈھیر بن گئیں۔

حکام نے 200 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ،حماس نے دعویٰ کیااسرائیل پر7ہزار سے زائد راکٹ داغے،سینئر کمانڈر میجر جنرل نمرود الونی سمیت متعدد کو یرغمال بنالیا،جنگجو اب بھی اسرائیل کے اندرسخت لڑائیوں میں مصروف ہیں۔

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا غزہ میں کامیابی کے بعد جنگ مغربی کنارے،یروشلم تک جائے گی اور اپنی سرزمین سے قابضین کے خاتمے تک جاری رہے گی،حماس کی فتح سے دشمن کی کمزوریاں عیاں ہوگئیں،اسماعیل ہنیہ نے اسرائیل کےساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے والے عرب ممالک کو مخاطب کرکے کہا اسرائیل خود اپنی حفاظت نہیں کرسکا تو آپ کو کیا تحفظ فراہم کرے گا۔

اسرائیلی فوج نے کہا اہلکار غزہ کی پٹی کے آس پاس کے علاقوں میں فلسطینی جنگجوو¿ں کےخلاف سمندری و زمینی راستے سے پیراشوٹس کے ذریعے دراندازی کے بعدزمینی لڑائیاں لڑ رہے ہیں،دوسری جانب حماس کے حملوں پر اسرائیل نے بزدلانہ کارروائی کرکے بمباری سے غزہ میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا ، عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ،فلسطینی وزارت داخلہ کادفتر بھی شامل ہے،جنوب میں رفح سے لےکر شمالی بیت حنون تک انکلیو کے متعدد شہروں میں مکانات تباہ ہوگئے،شہید ہونےوالے فلسطینیوں کی تعداد 500 سے زائد تک جاپہنچی اور سینکڑوں زخمی ہیں۔

ادھر غزہ کی پٹی میں حماس کے انٹیلی جنس چیف کے گھر پر بھی حملہ کیا گیاجبکہ اسرائیل نے غزہ کےلئے فیول، اشیا و بجلی کی سپلائی معطل کر دی،بجلی فراہم کرنے والی تمام پاور لائنوں کے فیل ہونے سے غزہ کی پٹی مکمل تاریکی میں ڈوب گئی ، غزہ کی پٹی میں رہنے والے لاکھوں فلسطینیوں نے رات دہشت اور تاریکی میں گزاری ۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے عالمی قوتوں کے مطالبے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے غزہ میں حماس کے ٹھکانوں کو ملیا میٹ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے اسرائیلی شہریوں کو 24 گھنٹوں میں غزہ چھوڑنے کی وارننگ دےدی،بن یامین نیتن یاہو نے کہا حماس سے بدلہ لیں گے، اسرائیل ہر جگہ بھرپور طاقت کا استعمال کرے گا،جنگ طویل و مشکل ہوگی، فلسطینی غزہ کو خالی کردیں،اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا پورے اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ کردی ،اسرائیل میں جو ہوا وہ کبھی نہیں ہوا ،اسرائیلیوں پربہت مشکل دن گزرا ، یقینی بنایا جائے گا ایسا اب کبھی نہ ہوسکے۔

بن یامین نیتن یاہو نے کہافتح کی قیمت برداشت کرنا آسان نہیں، جنگ طویل و سخت ہوگی مگر بدلہ لیں گے اور جنگ جیتیں گے،یرغمال اسرائیلوں کے تحفظ کی ذمہ دار حماس ہوگی، کسی کا بال بھی بیکا ہوا تو حساب لیا جائے گا۔

دریں اثنا فلسطینی اتھارٹی نے حماس اسرائیل جنگ کے تناظر میں عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا،فلسطینی اتھارٹی نے یادداشت جمع کرادی،عرب لیگ کے سفیر نے کہااجلاس کی درخواست فلسطینیوں کیخلاف جاری اسرائیلی جارحیت کی روشنی میں کی گئی۔

دوسری جانب پاکستان نے کہاہے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور معصوم جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش ہے،نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا موجودہ صورتحال میں فلسطینیوں کےساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑے ہیں اور اسرائیلی قابض افواج کے تشدد و جبر کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

جلیل عباس جیلانی نے کہااقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قابل عمل و خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے،وزیر خارجہ نے کہا عالمی برادری کو تنازعات کے خاتمے و شہریوں کی حفاظت کےلئے اقدامات کرنے چاہئیں، دنیامشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کےلئے فوری مداخلت کرے۔