اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیراطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے انتخابات ہونے کا یقین ہے تاہم انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے، مجھے الیکشن کمیشن کی صلاحیت و قیادت پر مکمل اعتماد ہے،انتخابات الیکشن کمیشن کی دی تاریخ پر ہوں گے،نوازشریف بھاگ کر باہر نہیں گئے،قانون کے تحت ہی واپس آئینگے۔
انٹرویو میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا21تاریخ کو جو ملک کا آئین و قانون کہے گا ویسا ہی ہو گا، نواز شریف 3بار وزیراعظم رہے ،غیر قانونی طور پر بھاگ کر نہیں گئے بلکہ عدالتوں اور حکومت نے جانے کی اجازت دی،قانونی پراسیس کے تحت ہی واپس آئیں گے،قانون کو پتہ ہے اپنا راستہ کیسے نکالنا ہے۔
کیا نواز شریف کو ایئر پورٹ پر گرفتار کیا جا سکتا ہے کے سوال پر وزیر اطلاعات نے کہاہونے کو بہت کچھ ہو سکتا ہے، انتظار کیجئے ، قانون اور عدالتوں کا اپنا اختیار استعمال کرنے دیجیے،عمران خان جیل سے نکل کر الیکشن مہم چلائیں گے؟ کے سوال پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا پی ٹی آئی کا اپنا معاملہ ہے اپنی الیکشن مہم کیسے چلاتے ہیںاگر ایک آدمی جیل میں ہے اور سزا ہو جائے تو الیکشن کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتا لیکن جو لوگ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں ان پر کوئی پابندی نہیں ، پی ٹی آئی پر جلسے جلوس کی کوئی پابندی نہیں ،میڈیا کی بھی آزادی ہے۔
عمران خان کی معافی کب تک ہو جائے گی؟ کے سوال پر نگران وزیر اطلاعات نے کہامعافی دینے والے ادارے طے کریں گے، نگران حکومت کا کام نہیں ،کام عدالت کا ہے عدالتیں طے کریں گی ان کو اندر رہنا ہے باہر جانا ہے، اپوزیشن میں بیٹھنا ہے یا وزیراعظم بننا ہے،مرتضیٰ سولنگی نے کہاپیپلز پارٹی بھی دوسری جماعتوں کی طرح بڑی سیاسی جماعت ہے،الیکشن ماحول میں کسی بھی جماعت ،قیادت کو تشویش کے اظہار، شکایت اور موقف دینے کی آزادی ہے،تمام سیاسی جماعتوں کو برابر کے مواقع حاصل ہیں۔
انتخابات ہونے کایقین،نواز کی واپسی پر بہت کچھ ہوسکتا، انتظار کیجئے، مرتضیٰ سولنگی



















