گوجرانوالہ ریسکیو ٹیم نے بارہواں نیشنل ریسکیو چیلنج جیت لیا

لاہور(کرائم رپورٹر)ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں 3 روزہ منعقدہ بارواں نیشنل ریسکیو چیلنج ریسکیو ٹیم گوجرانوالہ فاتح قرار پائی جبکہ ٹیم خیبر پختونخوا سا ﺅ تھ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

ریسکیو ٹیم گوجر انولہ نے 19ریسکیو ٹیموں میں بشمول پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، ایلیٹ پولیس، یونیورسٹی آف لاہور، الخدمت فانڈیشن اور ریسکیو سکاٹس آف سیالکوٹ ٹیموں کےساتھ مقابلہ کرتے ہوئے ٹراما اینڈ میڈیکل ایمرجنسی چیلنج، فائر فٹ چیلنج، واٹر ریسکیو چیلنج، ڈیپ ویل ریسکیو چیلنج، سوئمنگ چیلنج اور ہائیٹ ریسکیو چیلنج میں مقابلہ کیا، ٹیم نے ایمرجنسی اور حادثات میں مشکل اورہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے بین الاقوامی معیار کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مزید برآں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے بارہویں نیشنل ریسکیو چیلنج میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

بارویں نیشنل ریسکیو چیلنج کی اختتامی تقریب میں شریک ٹیموں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام شرکا کو خوش آمدید کہا اور جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دی اور اکیڈمی کے افسران اور انسٹرکٹرز کو پاکستان کی تمام ایمرجنسی سروسز کےلئے صحت مندانہ مقابلے کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے شرکا کو 2001میں ایمرجنسی مینجمنٹ سسٹم میں اصلاحات سے شروع ہونےوالے سفر اور آخر میں پاکستان ریسکیو ٹیم کی اقوام متحدہ کی انسراگ سرٹیفیکیشن کے بارے میں بتایا، انہوں نے ٹیموں سے کہا وہ اپنے اپنے اضلاع اور صوبوں میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے دوران بھی اسی جذبے اور لگن کا مظاہرہ کریں، ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اگلے سال بین الاقوامی ریسکیو چیلنج کا انعقاد کرے گی اور ہم توقع کر رہے ہیں ترکی اور دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی انٹرنیشنل ریسکیو چیلنج 2024 میں حصہ لیں گی۔