چمن بارڈر کراسنگ پر افغان سپاہیوں کی فائرنگ،بچے سمیت 2پاکستانی شہید

چمن،راولپنڈی ( بیورورپورٹ)بلوچستان میں افغان سرحد کے قریب چمن بارڈر کراسنگ پر تعینات افغان سپاہیوں کی فائرنگ ،بچے سمیت 2 پاکستانی شہری شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان سپاہیوں نے پاکستان سے افغانستان داخل ہونےوالے پیدل افراد پر بلااشتعال اندھا دھند فائرنگ کی، زیرو لائن گیٹ پر فائرنگ سے شہید ہونےوالوں میں 12 سال کا بچہ بھی شامل ہے جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہاپاکستانی سکیورٹی فورسز نے انتہائی صبر کا مظاہرہ کیا، معصوم افراد کی موجودگی میں جوابی فائرنگ نہیں کی، فائرنگ نہ کرنے کا مقصد بڑے جانی نقصان سے بچنا تھا،شہید افراد کی لاشیں وزخمی بچے کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز چمن منتقل کر دیا۔

آئی ایس پی آر نے کہاافغان حکام کو سپاہیوں کی غیر ذمہ داری سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ذمہ داروں کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے، امید ہے افغان حکومت اپنے فوجیوں کو کنٹرول میں رکھے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افغان فوجیوں کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانے و نظم و نسق برقرار رکھنے کا کہا جائے گا، اقدام کا مقصد مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنا ہے،پاکستان باہمی تعلقات کے فروغ سے امن، خوشحالی و ترقی میں شراکت داری کےلئے پرعزم ہے، ناخوشگوار واقعات کے تسلسل سے عزم کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔