اسلام آباد(بیورورپورٹ) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس میں ریمارکس دئیے فوجی آمر ہوں یا کوئی اور، فرد واحد کا اختیار تباہی پھیلاتا ہے،جب مارشل لا لگتے ہیں تو ہتھیارپھینک دیتے ہیں، پارلیمان کچھ کرے تو سب کو حلف یاد آجاتا ہے، مارشل لا لگے تو حلف بھلا دیا جاتا ہے، پارلیمان کچھ کرے تو سب کو حلف یاد آجاتا ہے، مارشل لا کےخلاف بھی تب درخواستیں لایاکریں وہاں کیوں نہیں آتے؟،فرد واحد نے ملکی تباہی کی ، فرد واحد میں چاہے مارشل لا ہو یا کوئی بھی،پاکستان سے کھلواڑ نہیں ہونے دے سکتے،پہلے آئین ،قانون پھر نظیریں آئیں گی،پارلیمنٹ کو احترام دینا ہوگا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میںفل کورٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کےخلاف دائر 9 درخواستوں پر سماعت کی جسے براہ راست نشر کیا گیا، سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے کہا کوشش ہوگی کیس کا اختتام کریں، ایک کیس کو ہی لےکر نہیں بیٹھ سکتے، سپریم کورٹ میں پہلے ہی بہت سے کیس زیر التوا ہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے قانون کا اثر بالخصوص چیف جسٹس اور 2 سینئر ججز پر ہو گا، اختیارات کو کم نہیں بانٹا جا رہا ہے،قانون کا اطلاق آئندہ کے چیف جسٹسز پر بھی ہو گا، چیف جسٹس ،پارلیمنٹ کا اختیار آمنے سامنے ہے، کچھ ججز سمجھتے ہیں پارلیمنٹ ،چیف جسٹس کا اختیار آمنے سامنے ہے جبکہ کچھ ایسا نہیں سمجھتے،چیف جسٹس نے کہا آپ سب نے اپنے جوابات قلمبند کردئیے ،ہمارے سامنے اٹارنی جنرل و سینئر وکلاءہیں، سب کو سنیں گے، خواجہ طارق رحیم صاحب! پہلے اٹارنی جنرل کو سن لیتے ہیں، خواجہ صاحب! آپ اپنے دلائل کا حق محفوظ رکھیں۔
وکیل اکرام چودھری نے اپنے دلائل میں کہا ایکٹ سے پارلیمنٹ نے عدلیہ کی آزادی کو بلڈوز کیا، پارلیمنٹ نے اپنے دائرے سے باہر نکلنے کی کوشش کی ہے، جب ایکٹ منظور ہوا اس وقت کی پارلیمنٹ کی صورتحال دیکھنا بھی ضروری ہے، پارلیمنٹ میں کی گئی باتوں کو لائیو رپورٹ بھی کیا گیا،چیف جسٹس نے سوال کیا کیا آپ اپنے دلائل اخباری خبروں کی بنیاد پر دیں گے؟وکیل اکرام چودھری نے کہاپارلیمنٹ کی کارروائی کا ریکارڈ پاس نہیں۔
چیف جسٹس نے پوچھا آپ نے سپیکر کو تحریری کارروائی کے ریکارڈ کےلئے درخواست کی؟ پارلیمنٹ ،عدلیہ الگ الگ آئینی ادارے ہیں اگر آپ نے معلومات تک رسائی کے حق کے تحت کارروائی کی درخواست نہیں کی تو دلیل مت دیں، آپ نے خود سپیکر کو خط نہیں لکھا اور چاہتے ہیں پوری سپریم کورٹ بیٹھ کر بے بنیاد دلیل سنے،اکرام چودھری نے کہا میں پوری قوم کی طرف سے بات کر رہا ہوں،اکرام چودھری نے سابق وزیر اعظم کی خبر پڑھ کر سنائی ،چیف جسٹس نے کہا وہ خبریں نہ پڑھیں جن کا کیس سے کوئی تعلق نہیں، عدالت کو سیاسی بحث کےلئے استعمال نہ کریں، میڈیا موجود ہے وہاں جا کر سیاست کریں، قانونی دلائل دیجیے، دلیل دیں پارلیمنٹ نے کیسے عدلیہ کا حق سلب کیا؟۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کچھ لوگوں کا بھی یہ خیال ہے قانون سے سپریم کورٹ اور پارلیمان آمنے سامنے آ گئے، میں لفظ جنگ استعمال نہیں کروں گا، پاکستان بار کونسل ، سپریم کورٹ بار کے نمائندوں سے میٹنگ ہوئی ،سینئر جج سردار طارق مسعود بھی موجود تھے، وکلا نے شکایت کی بات نہیں سنی جاتی،کہا گیا جب وکلا بات کر رہے ہوں بات مکمل کرنے دی جائے، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ اب قانون بن چکا، پارلیمنٹ قانون سازی کر سکتی تھی یا نہیں بحث میں نہیں جانا چاہیے، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ آئین سے متصادم ہے یا نہیں یہ بتائیں،وکیل اکرام چودھری نے دلائل دیتے ہوئے کہا سپریم کورٹ کے پاس ایکٹ کالعدم قرار دینے کا مکمل اختیار ہے، راولپنڈی بار کیس میں آئینی ترمیم کو دیکھا گیا ۔
چیف جسٹس نے کہا 21 ویں آئینی ترمیم میں عدالت نے قرار دیاسپریم کورٹ آئینی ترمیم کا بھی جائزہ لے سکتی ہے، عدالت جب آئینی ترمیم بھی دیکھ سکتی ہے تو بات ختم ہو گئی، آپ کی دلیل ہے آئینی ترمیم سے قانون بن جائے تو ٹھیک ہے، جب آپ عدالت کی آزادی کی بات کرتے ہیں تو کیا آزادی ازخود نایاب چیز ہے یا لوگوں کےلئے ہوتی ہے؟عدالت کی آزادی صرف اس کے اپنے لیے ہے کہ ہر صورت دفاع کرنا ہے؟ عدالت کی آزادی لوگوں کےلئے نہیں ؟ روشنی ڈالیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا اگر کل پارلیمنٹ قانون بناتی ہے بیواوں کے کیسز کو ترجیح دیں، کیا قانون سازی سے عدلیہ کی آزادی متاثر ہو گی؟ قانون سازی انصاف دینے کا راستہ ہموار و دشوار کر رہی ہے تو بتائیں، کیا ہماری آزادی خود ہی کافی ہے یاتعلق کسی اور سے بھی ہے؟جسٹس اطہر من اللہ نے کہا جس کتاب کا آپ حوالہ دے رہے ہیں پہلے مارشل لا کے بعد لکھی گئی، سپریم کورٹ نے مارشل لا کی توثیق کی، کیا کتاب مارشل لا کے اثر میں لکھی گئی تھی؟۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کتاب مئی 1958 میں لکھی گئی ،مارشل لا اکتوبر 1958 میں لگا، کتاب میں جوڈیشری ڈپارٹمنٹ کا لفظ امریکی قانون کا حوالہ ہے، لفظ کا مطلب عدلیہ کو محکمہ کہنا نہیں، ہر ملک کی اپنی اصطلاحات ہوتی ہے،وکیل اکرام چودھری نے کہا یہ میرا کیس نہیں پوری قوم کا ہے، پوری قوم کی طرف سے بات کر رہا ہوں، عوام کی منشا آئین کی بنیاد ہے،چیف جسٹس نے کہا آپ اپنا کیس لڑیں، قوم کے نمائندہ نہیں نہ آپ بول سکتے ہیں، آپ فریق بنائے بغیر کسی کےخلاف الزام نہیں لگا سکتے، جسٹس منیب اختر نے کہا سوال قانون سازی کے اختیار کا ہے، آئین میں ٹیکنیکل اصطلاح ہے مقننہ قانون سازی کے اختیار سے تجاوز کرے تو فراڈہے، پارلیمنٹ کل بھلے کہے سپریم کورٹ قانون کو ترجیح دے یا اس کو، سوال ہے کیا پارلیمنٹ اتنی باریکی سے سپریم کورٹ کو ریگولیٹ کر سکتی ہے؟،جسٹس علی مظہر نے وکیل سے کہا جو کمنٹری آپ پڑھ رہے ہیں اس سے 1973 کے آئین کی رو سے بتائیں ایکٹ کیسے متصادم ہے، ملک کی اصطلاح کو چھوڑیں، اپنے آئین سے ثابت کر دیں ایکٹ کیسے آئین کے خلاف ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کیس کو کنارے لگانا ہے، 45 منٹ سے آپ کو سن رہے ہیں، اب دلائل ختم کیجیے، سننا تو آپ کو پورا دن چاہتے ہیں تاہم ممکن نہیں، کوئی دلیل رہ جائے تو تحریری جمع کرائی جا سکتی ہے، مظہر صاحب کے سوال پر بتا دیں کون سی آئینی شق متاثر ہوئی،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا 2 سوالات اٹھتے ہیں، ایک یہ کیا پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے اندرونی معاملات پر قانون سازی کی مجاز ہے، پھر بتائیں ایکٹ کی کون سی دفعہ کس آئینی شق سے متصادم ہے، ایک سوال اہلیت ،دوسرا تضاد کا ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ جتنا باریکی میں جائیں گے زیادہ وقت لگے گا، کیس کو آج کے بعد نہیں چلنا، جتنا وقت آپ لیں گے باقی وکلا کو کم ملے گا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آپ اپنی درخواست کے مطابق مان رہے ہیں پارلیمنٹ قانون سازی کےلئے با اختیار ہے، جسٹس اعجاز کے دوسرے سوال کا جواب دے دیں بس، پارلیمنٹ کو قانون سازی سے پہلے مکمل طریقہ کار اپنانا چاہیے تھا جو نہیں کیا گیا،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا انصاف تک رسائی کا حق دینا آئین کی بنیاد ہے، کیا پارلیمنٹ عوام کی بہتری کےلئے ہونےوالی قانون سازی کےلئے با اختیار نہیں؟وکیل اکرام چودھری نے کہا آرٹیکل 8 کہتا ہے ایمرجنسی میں آئینی شقیں معطل کی جاسکتی ہیں۔
جسٹس علی مظہر نے کہا آئینی شق کا کیا تعلق ہے جب قانون بن چکا،جسٹس سردار طارق نے کہا پارلیمنٹ قانون نہیں بتا سکتا، پتہ نہیں کیوں؟ کوئی حوالہ تو دے دیں،وکیل اکرام چودھری نے دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا میرے بنیادی حقوق کا تحفظ ضروری ہے، باقی دلائل تحریری طور پر جمع کرا دوں گا،کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو درخواست گزار مدثر حسن کے وکیل حسن عرفان نے دلائل دئیے،جسٹس عائشہ ملک نے پوچھا آپ اب تک درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل دے رہے ہیں؟ صرف بتا دیں کون کون سی دفعات سے آپ متفق یا مخالف۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا انصاف تک رسائی کےلئے عدالت کو آزاد ہونا چاہیے، پہلے بتائیں ایکٹ سے انصاف تک رسائی کا بنیادی حق کیسے متاثر ہوتا ہے، انصاف تک رسائی کےلئے بنیادی شرط آزاد عدلیہ بھی ہے، درخواستوں کے قابل سماعت ہونے سے بہت آگے نکل چکے ، ایک جانب کی دلیل ہے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں دوسری جانب ہے نہیں ہو رہے،چیف جسٹس نے کہا اگر میں اپنے ساتھیوں سے درخواست کروں پہلے وکیل کو سوالات کا جواب دینے دیں۔
جسٹس عائشہ ملک نے کہا میرا سوال پہلے والے سوال سے پوری طرح مطابقت رکھتا ہے، کیا 3 ججز کی کمیٹی کے بنچ بنانے سے انصاف تک رسائی کا حق متاثر ہوگا؟قانون کا مقصد انصاف تک رسائی ہے تو فل کورٹ کےخلاف اپیل کا حق کیوں نہیں حاصل ہوگا؟ کیا فل کورٹ کے خلاف اپیل کا حق نہ ہونا انصاف تک رسائی کے منافی نہیں؟ اپیل کا حق برقرار رکھنے کا ایک مطلب یہ ہے فل کورٹ یا لارجر بنچ کا راستہ بلاک ہوگیا،وکیل حسن عرفان نے کہاصدر، وزیراعظم ،ججز آئین کا تحفظ کرنے کا حلف لیتے ہیں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ججز کا حلف پڑھ کر سنائیں ،وکیل حسن عرفان نے ججز کا حلف پڑھ کر سنایا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا جب مارشل لا لگتے ہیں سب ہتھیار پھینک دیتے ہیں، کمرے میں بہت سی تصاویر لگی ہیں جو مارشل لا آنے پر حلف بھول جاتے ہیں،جسٹس اطہر من اللہ نے کہاپارلیمنٹ قانون سازی کی اہلیت رکھتی ہے یا نہیں؟وکیل حسن عرفان نے کہا پارلیمنٹ کے پاس قانون سازی کرنے کا اختیار نہیں تھا، پارلیمان سپریم ضرور ہے لیکن آئین کے بھی تابع ہے،چیف جسٹس نے کہا حلف میں آئین کےساتھ قانون کا بھی ذکر ہے اسے مدنظر رکھیں، مارشل لا لگے تو حلف بھلا دیا جاتا ہے، پارلیمان کچھ کرے تو سب کو حلف یاد آجاتا ہے، مارشل لا کےخلاف بھی درخواستیں لایا کریں، وہاں کیوں نہیں آتے؟۔
چیف جسٹس نے کہاپارلیمنٹ کہتی ہے انہوں نے ٹھیک قانون سازی کی، پارلیمنٹ نے کہا سپریم کورٹ کا اختیار بڑھا دیا گیا، کیا آپ کاموقف ہے اپیل کا حق نہ ہو، سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے وہ حتمی ہو؟وکیل حسن عرفان نے کہا میرا یہ موقف نہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے تمام ججز مجھے فل کورٹ اجلاس بلانے کا کہیں اور میں نہ بلاوں تو کوئی کچھ نہیں کر سکے گا، پارلیمنٹ نے کہا چیف جسٹس کو اچھا لگے یا نہیں لیکن ایکٹ بنانا ہے، چیف جسٹس خود سے کبھی قانون نہ بناتے، چیف جسٹس کے اختیارات کو تقسیم کرنا مقصود تھا، چیف جسٹس کے غیر مناسب کنڈکٹ بارے کون کچھ کہہ سکتا ہے، جمہوریت و اسلام میں ایک شخص کو تمام اختیارات دینے کی اجازت نہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہااگر 17 ججز نے بھی یہی غلطیاں کرنی ہے تو پھر اپیل کا حق ہونا ہی چاہیے، بطور سیاسی جماعت آپ کو گھبراہٹ کیوں ہے، اپیل کا حق ملنے سے ہو سکتا ہے آپ کو فائدہ ہو،وکیل حسن عرفان نے کہا میرے قانون کی رسائی کا حق متاثر ہوگا، کل کو سماجی و معاشی اثرات ہوں گے،چیف جسٹس نے کہااس عدالت نے کئی بار مارشل لا کی توثیق کی،جسٹس اطہر من اللہ نے کہاانصاف تک رسائی کے حق کو پارلیمنٹ کیوں نہیں بدل سکتی؟ کیا آپ مثال دے سکتے ہیں غیر منتخب ادارے کے رولز منتخب ادارے کے بنائے قانون سے بالا ہیں۔
وکیل عرفان حسن نے کہا پارلیمان پر اگر قدغن نہیں تو اجازت بھی نہیں ،چیف جسٹس نے کہا بنیادی بات ہے قانون میں ایسی چیزیں ہیں جو غیر آئینی ہیں تو کالعدم قرار دی جاسکتی ہیں، بس اتنا بتا دیں کیا پارلیمان کے پاس قانون بنانے کا اختیار ہے یا نہیں،حسن عرفان نے کہا سپریم کورٹ آفس کے فرائض کو ایسے قانون سے ریگولیٹ نہیں کیا جاسکتا،چیف جسٹس نے کہا قانون کے تحت اپیل کا حق بھی دیا جا رہا ہے، آپ کیا کہتے ہیں اس بارے میں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اپیل کس اختیار کی ہے، 184کا اختیار موجود ہے، کوئی چیز موجود ہو اسے بڑھایا جا سکتا ہے، لیکن کوئی چیز موجود ہی نہ ہو توبڑھایا کیسے جاسکتا ہے،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا آپ کے دلائل مان لیں تو مسابقتی کمیشن ایکٹ میں اپیل کا حق بھی غیر آئینی ہے،پی ٹی آئی کے وکیل عذیر بھنڈاری نے کہا جو قانون عدالت میں زیر بحث نہیں اس پر رائے نہیں دوں گا، مسابقتی کمیشن کا کیس سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کیا اپیل دینا غلط ہے؟ سنگین غداری میں بھی متاثرہ فریق اپیل کرے گا، آپ سیاسی جماعت کی نمائندگی کر رہے ہیں، سیاسی جماعت برابر میں پارلیمنٹ میں خوبصورت بحث نہیں کرسکتی تھی؟وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا میں اپنی جماعت کے سیاسی فیصلوں کا ذمے دار نہیں ہوں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آپ بالکل ذمے دار ہیں، آپ نے ہمارے سامنے کہا اس پارٹی کا وکیل ہوں، آرٹیکل 184/3 میں اپیل کا حق ملنے سے تحریک انصاف کو کیا مسئلہ ہے؟ پی ٹی آئی نے اپناموقف پارلیمان میں کیوں نہیں اٹھایا،وکیل عذیر بھنڈاری نے کہا کسی سیاسی فیصلے کا دفاع نہیں کروں گا،چیف جسٹس نے کہا آپ سیاسی جماعت کے وکیل ہیں تو جواب بھی دینا ہوگا۔
عذیر بھنڈاری نے کہا تحریک انصاف کے ہر اقدام کا ذمے دار نہیں ہوں، اچھا کام بھی وہی ادارہ کرسکتا ہے جو بااختیار ہو،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کیا پارلیمان قانون سازی کےلئے اچھا ادارہ نہیں ؟عذیر بھنڈاری نے کہا پارلیمان آئین کے مطابق قانون سازی کرے تو ہی ٹھیک ہوگا،پی ٹی آئی وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر چیف جسٹس نے وکلا سے سوال کیا کیس کی سماعت کو ملتوی کر کے کسی اور دن رکھ لیتے ہیں، کیس کو کس دن سماعت کےلئے مقرر کیا جائے، اٹارنی جنرل صاحب بتائیں کس دن سماعت کےلئے مقرر کریں،اٹارنی جنرل نے کہا آئندہ پیر کو کیس سماعت کےلئے مقرر کر لیں ،چیف جسٹس نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے پیر کو پورا دن ایک ہی کیس سنیں گے، مسلم لیگ (ن)، ق لیگ، ایم کیو ایم اور جے یو آئی ف کے وکلا کو بھی پیر کے دن سنیں گے اگر کوئی فریق تحریری جواب جمع کرانا چاہے تو کرا سکتا ہے، کوشش کریں تمام فریقین کے وکلادلائل کو محدود رکھیں، پیر کو 10رات 12 بجے تک بھی بیٹھنا پڑا تو سماعت مکمل کریں گے۔
فوجی آمر ہوں یا کوئی اور، فرد واحد کا اختیار تباہی پھیلاتا ہے،چیف جسٹس



















