ہرزہ سرائی کیس، عمران خان کیخلاف مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ چیلنج

اسلام آباد(بیورورپورٹ)عمران خان کی مشکل میں اضافہ، اداروں کےخلاف ہرزہ سرائی کیس میں مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

درخواست گزار عبدالخلیل کاکڑ نے بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا بلوچستان ہائیکورٹ نے حقائق و قانون کے بر خلاف فیصلہ دیا، چیئرمین پی ٹی آئی تحقیقات میں شامل ہی نہیں ہوئے،تحقیقات میں شامل کیے بغیر ہی پولیس نے مقدمے کا چالان جمع کرا دیا۔

سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی چیئرمین پی ٹی آئی نے زمان پارک لاہور میں اداروں ،ملک کےخلاف تقریر کی، ہائی کورٹ نے 28 اگست کو ایف آئی آر اور وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے، عدالت عظمیٰ بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

ادھر اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو ناشتے میں کھجوریں، ابلے انڈے، پراٹھا اور چنے دیئے گئے،چیئرمین پی ٹی آئی کو کمرے میں اخبار، کولر، میز اور خدمت گار کی سہولت بھی مل گئی۔

دوسری جانب عمران خان کو قانونی ٹیم سے ملاقات کی اجازت نہ ملی،وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ سے بار بار رابطہ کیاتاہم سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔