لندن (مشرق نیوز)نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے انتخابات عمران خان کے بغیر بھی شفاف ہوسکتے ہیں،پی ٹی آئی کو جیتنے سے روکنے کےلئے فوج کی جانب سے دھاندلی کی بات بیہودہ ہے،جیل کاٹنے والے پی ٹی آئی اراکین توڑ پھوڑ، جلاﺅ گھیراﺅکی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے،تحریک انصاف میں شامل غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونے والے ہزاروں افراد الیکشن میں حصہ لے سکیں گے۔
ذاتی رنجش کی وجہ سے کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنا رہے، سربراہ پی ٹی آئی ہو یا کوئی اورقانون توڑنے والے کےخلاف کارروائی ہوگی،عدلیہ کو سیاسی مقصد کےلئے استعمال نہیں ہوناچاہیے،انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں ہوں گے،تاریخ کاتعین الیکشن کمیشن کرےگا،آئین کے تحت نومبر میں ہونےوالی ووٹنگ میں تاخیر ہوئی۔
امریکی خبر رساں ایجنسی کو دئیے گئے انٹرویو کی مزید تفصیل کے مطابق انوارالحق کاکڑ نے کہا شفاف الیکشن چیئرمین پی ٹی آئی یا جیل کاٹنے والے سینکڑوں پارٹی اراکین کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں،پی ٹی آئی کارکن توڑ پھوڑ ،آتشزنی سمیت غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے زیر حراست ہیں،فوج سے قریبی تعلق کی بات سیاست کا حصہ ہے،توجہ نہیں دیتا، فوج ،حکومت کے درمیان تعلق بہت ہموار، کھلا اور شفاف ہے۔
وزیراعظم نے کہاسول ملٹری تعلقات کے چیلنج کا سامنا رہتا ہے، انکار نہیں، سول ملٹری تعلقات کے چیلنجز کی مختلف وجوہات ہیں،کئی دہائیوں کے دوران سول اداروں کی کارکردگی خراب ہوئی ، سویلین اداروں کی کارکردگی کو بتدریج بہتر بنانا ہے،فوج منظم ادارہ ہے ،حالیہ سالوں میں کارکردگی بہتر ہوئی ، فوج کو کمزور کرنے سے ملک کا کوئی مسئلہ حل نہیں ہو گا،پی ٹی آئی کو جیتنے سے روکنے کےلئے انتخابات میں فوج کی دھاندلی کی بات بیہودہ ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا امید ہے عام انتخابات نئے سال میں ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر کا تقرر چیئرمین پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم خود کیا تھا،پوچھتا ہوں چیف الیکشن کمشنر چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف کیوں ہوں گے؟ عام انتخابات نگران حکومت یا فوج نہیں،الیکشن کمیشن کرائے گا۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کسی کےخلاف ذاتی انتقام پر عمل پیرا نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی یا کسی بھی سیاستدان کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی پر قانون کی بحالی یقینی بنائی جائے گی،الیکشن کی تاریخ کا اعلان طے ہوتے ہی وفاقی حکومت ہر طرح کا تعاون کرے گی،انوارالحق کاکڑ نے کہا عدلیہ کے فیصلوں میں مداخلت کروں گا نہ ہی عدالتوں کو کسی سیاسی مقصد کےلئے استعمال ہونا چاہیے،چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کالعدم کرانے کےلئے عدلیہ کے فیصلوں میں مداخلت نہیں کریں گے۔
وزیراعظم نے کہابھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوجی تعینات کر رکھے ہیں، کشمیری بھارت کی بنائی بڑی جیل میں رہ رہے ہیں، کشمیریوں کے پاس کوئی سیاسی حق نہیں ، دنیاکی توجہ یوکرین پر ہے لیکن ایک تنازع کشمیر بھی ہے کشمیر اگریورپ یا امریکہ میں ہوتا تو کیا تب بھی تنازع کے حل کےلئے ایسا ہی بے حس رویہ ہوتا؟ تنازع کے اہم کردار کشمیری عوام ہیں،کشمیری عوام کو اپنی شناخت و مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا افغانستان سے کچھ سنگین سکیورٹی مسائل ہیں، کابل میں طالبان حکام سے رابطے میں ہیں لیکن ابھی کوئی پیشرفت نہیں، علاقائی رہنما طالبان حکومت کو عالمی سطح پر تسلیم کرانے پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں، علاقائی فورم کو متفقہ نقطہ نظر و وسیع تر اتفاق رائے قائم کرکے طالبان تک پہنچانا چاہیے۔
عمران کے بغیر بھی شفاف انتخابات ممکن ہیں،وزیراعظم



















