لاہور( خبر نگار)پی ٹی آئی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ملک کے 29ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکباددیتے ہوئے امید کا اظہار کیا ہے چیف جسٹس انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا امید کرتے ہیں نو منتخب چیف جسٹس آئین و قانون کے اصولوں کے تحت انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کریں گے، آزاد و خوشحال معاشرے کی بنیاد ہمیشہ عدل و انصاف پر قائم ہوتی ہے جن معاشروں کے لوگوں کو عدل و انصاف میسر نہ ہو وہ معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں، شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور عدل و انصاف تک رسائی کی ذمہ داری عدلیہ پر عائد ہوتی ہے۔
ترجمان نے کہاتحریک انصاف قانون کی پاسداری کرنے والی جماعت ہے ،نظریہ قانون کی بالادستی و عدل و انصاف کے اعلیٰ ترین اصولوں پر مبنی ہے، چیئرمین تحریک انصاف کی 27سالہ سیاسی جدوجہد میں ہر قدم پر قوم کو آئین و قانون کی پاسداری کی تلقین کی گئی،امید کرتے ہیں سیاسی قیدیوں بالخصوص جیلوں میں قید خواتین کے آئینی حقوق کا تحفظ چیف جسٹس کی ترجیح ہو گی، جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کے لواحقین بھی حصول انصاف کی آس میں چیف جسٹس کی جانب دیکھ رہے ہیں، آئین کے تقدس و قانون کی حرمت کیلئے قوم کی امیدوں کا مرکز و محور صرف عدلیہ ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا تحریک انصاف شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ ،جمہوریت و آئین کی بالادستی کی خاطر نو منتخب چیف جسٹس کو مکمل تعاون کایقین دلاتی ہے۔
امید ہے چیف جسٹس بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے،پی ٹی آئی



















