آئندہ حج سستا ہوگا،توہین آمیز مواد روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے،انیق احمد

کراچی(بیورورپورٹ)نگران حکومت نے حج انتظامات وقت سے پہلے مکمل کرنے کے پلان پر عمل شروع کردیا، نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد 18 ستمبر کو 5 روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے، حجاج کرام کی رہائشوں، ایئرلائنز بکنگ سمیت دیگر معاملات طے ہوں گے۔

وزیر مذہبی امور انیق احمد کراچی میں جامعہ نعیمیہ گئے، مفتی منیب الرحمن نے استقبال کیا،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انیق احمد نے کہا مفتی منیب الرحمن سے میرا تعلق محبت و طویل عرصے پر محیط ہے، حج 2024 پہلے سے مہنگا نہیں ہوگا ،سہولتیں بھی زیادہ ملیں گی، حج پالیسی 90 فیصد مکمل ہوگئی، انتظامات کی پیشگی تکمیل چاہتے ہیں،18 ستمبر کو سعودیہ عرب جارہاہوں،سعودی ایئر لائنز سے بات چیت ہورہی ہے، اگلا حج پہلے سستا ہوگا،پہلی مرتبہ نجی ایئر لائنز کے ریٹ بھی لئے۔

انیق احمد نے ملک کی اڑھائی لاکھ مساجد میں خطبہ جمعہ یکساں ہونے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہاباہمی روابط ہونے چاہئیں، کیا ہی اچھا ہو کراچی سے خیبر تک تمام مساجد میں جمعہ کا ایک ہی خطبہ ہو،سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے۔

وفاقی وزیر نے کہا سمت درست ہے، آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں، علما سے درخواست ہے قوم کو مایوسی سے نکالیں،مسائل رفتہ رفتہ کم ہوجائیں گے، اچھے دن آئیں گے کام کا آغاز ہوگیا۔