اللہ نے ملک اور انصاف کی خدمت لی،”گڈ ٹوسی یو آل مائی فرینڈز“چیف جسٹس کا الوداعی مکالمہ
اسلام آباد (بیورورپورٹ) چیف جسٹس پاکستان عمر عطاءبندیال نے کہا ہے شکر گزار ہوں اللہ نے مجھ سے ملک اور انصاف کی خدمت لی،چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے آخری کیس میں وکلاءسے گفتگو کرتے ہوئے کہا”گڈ ٹوسی یو آل مائی فرینڈز“،وکیل میاں بلال نے چیف جسٹس سے کہا جب ہائی کورٹ میں آپ کا پہلا کیس تھا تو بھی میں ہی آپ کے سامنے پیش ہوا، آج سپریم کورٹ میں آپ کا آخری کیس ہے تب بھی پیش ہو رہا ہوں،چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے وکیل سے کہاآپ کا کیس تو غیر موثر ہو گیا ہے لیکن اگر دلائل دیں گے تو دل کو خوش رکھنے کو غالب یہ خیال اچھا ہے،وکیل میاں بلال نے کہا آپ نے ہمیشہ تحمل سے ہمیں سنا،چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے جواب دیا ہمارا فریضہ ہے کہ سب کو تحمل سے سنیں، بار کی طرف سے ہمیشہ تعاون اور سیکھنے کو ملا ہے،چیف جسٹس نے کہا کالا کوٹ پہن کر ہم خود کو بار کا حصہ سمجھتے ہیں، جسٹس ساحر علی کہا کرتے تھے کہ بار تو ہماری ماں ہے، انشا ءاللہ بار روم میں ملیں گے،انہوں نے کہا میڈیا کے ساتھیوں کا بھی شکریہ جنہوں نے مجھے مستعد رکھا، میڈیا کی تنقید کو ویلکم کرتے ہیں، میڈیا فیصلوں پر تنقید ضرور کرے لیکن ججز پر نہ کرے،چیف جسٹس پاکستان نے کہا تنقید کے جواب میں ججز اپنا دفاع نہیں کر سکتے، جج پر تنقید سے پہلے یہ ضرور دیکھیں کہ سچ پر مبنی ہے یا قیاس آرائیوں پر، ججز پر تنقید جھوٹ کی بنیاد پر نہیں ہونی چاہیے،چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے کہا اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں جس نے مجھ سے ملک اور انصاف کی خدمت لی، اللہ کےلئے اپنا فریضہ ادا کیا۔



















