بلڈنگ سیفٹی ریگولیشن 2022ءکے نفاذ سے آگ کے واقعات میں کمی ممکن ہے :ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور (خبرنگار) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے بلدیہ ٹاﺅن گارمنٹ فیکٹری ،کراچی اور بند روڈفیکٹری ، لاہور میں ہونے والی آتشزدگی کے واقعات میںجاں بحق ہونے والے افراد کی یاد میں مختلف تقا ریب منعقدکیں ۔آتشزدگی کے ان دونوں حادثات کو آج11سال مکمل ہوگئے جن میں تقریباً314افراد11ستمبر2012کو لقمہ اجل بنے اس کے علاوہ آج کا دن انٹرنیشنل ایمر جنسی سروسز کیلئے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ اسی دن 400 سے زائد فائر ریسکیورز اورپیرامیڈیکس نے نیو یارک میں 19سال قبل ورلڈٹریڈ سنٹر میں ریسکیو آپریشن کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔اس سلسلے میں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں لاہور، کراچی اور نیویارک کی فائر ایمرجنسیزکے متاثرین کی یاد میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ یہ پاکستان کا 9/11ہے، کیونکہ اُس دن 300سے زائدافراد اپنی جان کی بازی ہار گئے،انہوں نے کہا یہ حادثات ہماری توجہ اس جانب مبذول کراتے ہیں کہ اگرہم نے آتشزدگی کی روک تھام کے حوالے سے مناسب اقدامات نہ کئے تو یہ غیرمحفوظ بلندوبالاعمارتیں ہمارے لیے مزید سانحات کاسبب بن سکتی ہیں۔ریسکیو 1122 اب تک بر وقت ریسپانس کرتے ہوئے217000آگ کے حادثات میں 650 ارب سے زائد مالیت کی املاک محفوظ کر چکا ہے۔ اس میں کو ئی شک نہیں کہ پنجا ب کے تمام اضلاع میں ریسکیو 1122کی جدیدفائر سروس مو جود ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ادارہ لوگوں میں آگ کے حادثات کی روک تھام کےلئے مختلف تربیتی و آگاہی پروگرام چلا رہا ہے تا کہ حا دثات میں کمی لائی جا سکے ، سیکریٹری ایمرجنسی سروسزنے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ بلڈنگ سیفٹی ریگولیشن 2022 پر عملدرآمد سے ہی ایسے اندوہناک و جان لیوا حادثات کی روک تھام ممکن ہے۔ سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کاروباری حلقوں ،کارخانہ وملزاوربلند وبالاعمارات کے مالکان پرزوردیاہے کہ وہ اپنی صنعتوں اور کاروباری مراکز میں چند روپوں کی بچت کےلئے اربوں کی املاک اورقیمتی انسانی جانوں کو خطرے میں مت ڈالیں،انہوں نے مزید کہاکہ عمارتوں میںہنگامی انخلاءکے راستوں کی عدم موجودگی اوربلڈنگ سیفٹی ریگولیشن 2022 پرعملدرآمد کیے بناہم غیرمحفوظ ہیںچاہے آپکے پاس دنیا کہ بہترین فائر سروس ہی کیوں نا ہو۔انہوںنے مزید کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ بلڈنگ سیفٹی ریگولیشن 2022 پرعملدرآمدکو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو بھی امن کے اوقات میں فائر سیفٹی آلات کی تنصیب کی اہمیت سے آگاہی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔