کانسٹیبل شاہد جیسے افراد تمسخر کی بجائے انسانی ہمدردی کے مستحق ہیں:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے نفسیاتی عارضہ سے تیزی سے صحت یاب ہونے والے کانسٹیبل شاہد جٹ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی ، کانسٹیبل شاہد جٹ کی اپنی والدہ اور معالج بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل شاہد جٹ کی خیریت دریافت کی اور کانسٹیبل شاہد جٹ کے نفسیاتی معالج ڈاکٹر علی انجم اور والدہ سے اس کے علاج میں پیشرفت بارے آگاہی حاصل کی، سوشل میڈیا پر کانسٹیبل شاہد جٹ کے ساتھ ریکارڈ کرائے پیغام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کانسٹیبل شاہد جیسے افراد تمسخر کی بجائے انسانی ہمدردی کے مستحق ہیں، ایسے افراد کی مدد و علاج معالجے کیلئے پنجاب پولیس نے صوبے کے تمام اضلاع میں تحفظ سنٹرز بنائے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں سے درخواست کی کہ ایسے افراد کا مذاق اڑانے کی بجائے ان کے مددگار بنیں اور انہیں تحفظ سنٹرز پہنچا دیں۔ دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر شہداءپولیس کے ورثاءکی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں، جس کے تسلسل میں گوجرانوالہ ریجن کے مزید 71 شہداءکی فیملیز کو ذاتی گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس فراہم کر دیے گئے ہیں۔ سنٹرل پولیس آفس میں 2017ءسے قبل کے مزید 71 شہدا کی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس فراہم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کو پلاٹس کے ملکیتی کاغذات دیے، تفصیلات کے مطابق ضلع گوجرانوالہ کے 10، نارووال کے 17، گجرات کے 22 ، حافظ آباد 15 جبکہ منڈی بہاو¿الدین کے 7 شہداءکے ورثاءکو پلاٹس فراہم کئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ 2017 سے قبل کے شہدا کی فیملیز کو نیک اور مخیر افراد کے تعاون سے تمام سہولیات سے آراستہ رہائشی سکیموں میں 400 سے زائد پلاٹ دے رہے ہیں جبکہ رفتہ رفتہ2017 سے قبل کے تمام پولیس شہدا کے اہل خانہ کے ذاتی گھروں کیلئے پلاٹس فراہمی کا بندوبست کر رہے ہیں ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ انڈوومنٹ فنڈ سے پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کا عمل بھی جاری ، 10 فیملیز کو اقساط کی صورت 50 لاکھ دے چکے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے شہدا کے ورثاء کو ذاتی چھت میسر آئےگی،شہداءکے ورثاءنے دیرینہ مشکل حل کرنے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شکریہ ادا کیا۔ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، آر پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر حیدر اشرف ، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین ، سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم ،اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل نے تقریب میں شرکت کی۔