واگنر سربراہ پریگوژن کو پیوٹن نے قتل کیا:یوکرائنی صدر

کیف (مشرق نیوز) یوکرین کے صدر زیلنسکی نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ ماہ طیارہ حادثہ میں واگنر سربراہ پریگوژن کی موت کے پیچھے پیوٹن ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک تقریر میں زیلنسکی نے مزید کہا اس نے پریگوژن کو مارا ۔ کم از کم ہم سب کے پاس یہ معلومات ہیں کہ اس کے پیچھے کوئی اور نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ روسی صدر اب سیاسی طور پر کمزور ہو چکے ہیں۔ 23اگست کو ماسکو سے سینٹ پیٹرزبرگ جانے والا ایک طیارہ گر کر تباہ ہونے سے واگنر گروپ کے سربراہ پریگوژن اور دیگر 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ٹھیک دو ماہ قبل پریگوژن نے اپنے جنگجوﺅں کے ساتھ ایک مختصر مدت کی بغاوت کی قیادت کرتے ہوئے روس کی اعلیٰ فوجی کمان کو کھلم کھلا چیلنج کیا تھا۔ اس دھمکی سے صورتحال کے خانہ جنگی میں تبدیل ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔ مبصرین کے مطابق یہ صورتحال پیوٹن کی حکمرانی کیلئے سب سے اہم چیلنج تھی۔پریگوژن نے بیلاروس کی ثالثی کے ذریعے کریملن کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد بغاوت کو ختم کر دیا تھا۔ اس کے بعد پریگوژن کو کسی مجرمانہ مقدمے کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔