لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین کارکردگی کے حامل لاہور پولیس کے افسران واہلکاروں کو تعریفی اسناد اور کیش انعامات سے نوازا۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے لاہور پولیس کے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں خصوصی تقریب سجائی گئی۔آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو مزید دلجمعی سے خدمات جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کے بچوں کی اعلی تعلیم کیلئے فارن سکالرشپ کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ منشیات کے خاتمے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے جبکہ صنفی جرائم کے خاتمے کیلئے سپروائزری افسران ذاتی نگرانی میں بروقت اقدامات یقینی بنائیں۔ دریں اثناء انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے چہلم حضرت امام حسین ؓ کی سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر پولیس فورس کو شاباش دی ہے۔ فورس کے نام جاری آڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس فورس نے چہلم حضرت امام حسین ؓ کے موقع پر صوبہ بھر میں 677 مجالس اور378 عزاداری جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی اور صوبہ بھر میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سی سی پی او لاہور سمیت صوبہ بھر کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز، ٹریفک پولیس افسران کی کارکردگی کو سراہا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور سنٹرل پولیس آفس میں آنے والے بزرگ اور معذور شہریوں کے مسائل سننے کیلئے خود چل کر ان کے پاس پہنچے اوردرخواستوں پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ازالے کے احکامات جاری کئے،آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری لگائی اور آنے والے شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ شہریوں کی مشکلات کے ازالے اور انصاف کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ شہریوں کے مسائل کا گراس روٹ لیول پر حل یقینی بنانا متعلقہ سپروائزری افسران کی ذمہ داری ہے،پولیس افسران خلوص نیت سے شہریوں کی مشکلات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں۔
منشیات کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے:آئی جی پنجاب



















