کراچی (مشرق نیوز) نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ بہت جلد قوم کو خوشخبریاں ملنے والی ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انیق احمد نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کچھ ہدایات جاری کی ہیں ان پر عمل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھبرانے کی بات نہیں، مسائل پر قابو پالیں گے، جب بجلی کا بل زیادہ آتا ہے تو بیوی لڑتی ہے۔ انیق احمد کا کہنا ہے کہ قوم کو مایوسی سے نکالنا ہے، مایوسی کفر ہے، اگلا الیکشن ساز گار ماحول میں ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ جنت کے ٹھیکیدار ہم نہیں، یہ اللہ کا معاملہ ہے، حرف تہجی میں س اور ش ساتھ ساتھ ہیں اسی طرح شیعہ، سنی ساتھ ساتھ ہیں، ہمارے معاشرے سے اعتراض ختم ہوجائے تو سب ٹھیک ہو جائے، سختیاں اور منافقت سب کو ختم ہونا چاہیے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ روڈ ٹو مکہ منصوبے پر کام ہو رہا ہے، حجاج کی بہترین خدمت کرنا چاہتے ہیں۔
بہت جلد قوم کو خوشخبریاں ملنے والی ہیں: نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد



















