آئی جی کا منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاﺅن کا حکم،30 افسران و اہلکاروں کو ”غازی“ قرار دینے کی منظوری

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف فوری کریک ڈاو¿ن شروع کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے منشیات فروشی کے تدارک کیلئے ایس ایچ اوز اور اینٹی نارکوٹکس یونٹس کو مزید متحرک کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے اطراف میں منشیات فروشوں کی سرکوبی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کئے جائیں، آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے حکومتی و نجی اداروں کے تعاون سے موثر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے، ڈاکٹر عثمان انورنے مزیدکہاکہ منشیات فروشی کے قلع قمع میں ناقص کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لوں گا، تمام افسران منشیات فروشوں کے حوالے سے کئے گئے آپریشنز کی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناء سنٹرل پولیس آفس میں غازی کمیٹی کااجلاس منعقدہوا جس میں لاہور سمیت مختلف اضلاع، یونٹس اور فیلڈ فارمیشنز سے بھجوائے گئے کیسز کابغور جائزہ لیتے ہوئے 30 افسران و اہلکاروں کو غازی قرار دینے کی منظوری دی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ غازی افسران و اہلکاروں کے نام سنٹرل پولیس آفس میں غازی وال پر کندہ کئے جائیں گے،مذکورہ افسران و اہلکاروں غازی میڈلز سمیت غازی پیکیج کے تحت مراعات کے حقدار ہونگے۔ علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف جاری کریک ڈاو¿ن بارے خصوصی پیغام میں کہاکہ پنجاب پولیس نے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاو¿ن کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ انٹرپول اور ایف آئی اے کے ساتھ ساتھ دنیا کے مختلف ممالک میں موجود پاکستانی سفارتخانوں کے تعاون سے کریک ڈاو¿ن کو مزید موثر کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ بیرون ملک بیٹھ کر ٹیلی فون پرشہریوں کو دھمکیاں دینے والے اشتہاریوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے اور انہیں عدالتوں سے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔