توہین عدالت کیس میں پولیس افسروں کی معافی منظور

اسلام آباد(بیورورپورٹ)توہین عدالت کیس میں پولیس افسروں کی غیرمشروط معافی منظور ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایس پی اور ایس ڈی پی او انڈسٹریل ایریا کےخلاف توہین عدالت کے شوکاز نوٹسز واپس لے لیے۔

کیس پر سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی،عدالتی حکم پر ایس پی ،ایس ڈی پی او انڈسٹریل ایریا نے تحریری بیان جمع کرایا، جسٹس طارق جہانگیری نے کہا آپ نوجوان افسر ہیں،عدالت آپ کا کیرئیر خراب نہیں کرنا چاہتی،بات مناسب نہیں کہوں ایس پی یا آئی جی کو جیل بھیجوں گا،توہین عدالت لگا دوں تو آپ کا کیرئیر تباہ ہو جائے گا۔

جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دئیے تفتیشی افسر کام نہیں کرتے، آپ بتائیں سسٹم کیسے ٹھیک ہو گا؟ کل آپ یا میرے کسی رشتے دار کے ساتھ بھی ایسا واقعہ ہوسکتا ہے، ہائیکورٹ کے قریب تھانے ہے مگر ابھی تک ریکارڈ عدالت پیش نہیں کیا گیا۔

معزز جج نے کہا کیا تفتیشی افسر کے ریکارڈ نہ لانے کی وجہ سے کسی شخص کو جیل میں پڑا رہنے دیں؟ ڈی آئی جی اور آئی جی کو طلب کرچکے لیکن کوئی بہتری نہیں آئی۔